مودی نے کی نئی پارلیمنٹ اشوک استمبھ کی نقاب کشائی

نئی دہلی ،۱۱؍جولائی (ہندوستان اردو ٹائمز) نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر ایک بہت بڑا قومی نشان یعنی اشوک استمبھ نصب کیا گیا ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر بنے اس قومی نشان کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو نئے پارلیمنٹ ہاوس کے اشوک استمبھ کی نقاب کشائی کی۔ اس دوران انہوں نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام میں مصروف کارکنوں سے بھی بات کی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کانسے سے بنے اس قومی نشان کا کل وزن 9500 کلوگرام اور اونچائی 6.5 میٹر ہے۔ یہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے مرکزی فوئر کے اوپر نصب ہے۔اس کو سہارا دینے کے لیے 6,500 کلوگرام وزنی اسٹیل کا ایک معاون ڈھانچہ بھی بنایا گیا ہے۔
نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر قومی نشان کاسٹ کرنے کا تصوراتی خاکہ کمپیوٹر گرافک سے لے کر کانسے کاسٹنگ اور پالش کرنے تک تیاری کے آٹھ مختلف مراحل سے گزرا ہے۔یہ ستون نئی پارلیمنٹ کی عمارت کی چھت پر کرین کے ذریعے نصب کیا گیا ہے۔ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر قومی نشان کی نقاب کشائی کے موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی اسپیکر ہری ونش، مرکزی شہری ترقی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔