دہلی

ممبران پارلیمنٹ کو ملکی مفاد میں سلگتے موضوعات پر بات کرنی چاہئے: لوک سبھا اسپیکر

نئی دہلی، 16 جولائی (ہندوستان اردو ٹائمز) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران سے اپیل کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران ملک کے مفاد میں سلگتے ہوئے مسائل پر نتیجہ خیز بات چیت کریں اور ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں تعاون کریں۔اپوزیشن نے بے روزگاری، کسانوں کے مدعے اور فوج میں جوانوں کی بھرتی کی نئی اسکیم، اگنی پتھ، مہنگائی اور روپے کی گرتی ہوئی قدرسمیت دیگر موضوعات پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔

لوک سبھا اسپیکر برلا نے پیر سے شروع ہونے والے مانسون اجلاس سے قبل ہفتہ کو یہاں تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ بلائی تھی۔ میٹنگ میں تمام پارٹیوں کے لیڈروں کو کووڈ کے پیش نظر اجلاس کے انعقاد اور تیاریوں کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئی۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی اجلاس کے حوالے سے اپنی تجاویز اور خیالات کا اظہار کیا اور ملک کو درپیش چیلنجز مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر بحث کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں لوک سبھا اسپیکر نے بتایا کہ انہوں نے تمام جماعتوں کے قائدین سے ملک کے مفاد میں تمام اہم ایشوز پر ایوان میں بامعنی بحث کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے ارکان سے ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے اور ملک کی پیش رفت اور ترقی سے متعلق اسکیموں کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون کی اپیل کی۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کانگریس نے بے روزگاری، کسانوں کے مدے اورفوج میں جوانوں کی بھرتی کی نئی اسکیم اگنی پتھ سمیت دیگر موضوعات پربحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے بڑھتی مہنگائی، روپے کی گرتی ہوئی قیمت اور دیگر معاملات پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔

پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال، ڈی ایم کے کے رکن پارلیمنٹ ٹی آر بالو، مسٹر چودھری، راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے پشوپتی پارس اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے میٹنگ میں شرکت کی۔پارلیمانی امور کے وزیر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین نے بھی مانسون اجلاس کے بہترانعقاد میں تعاون پر بحث کے لئے اتوار کو تمام جماعتوں کے لیڈروں کی میٹنگ بلائی ہے۔خیال رہے کہ مانسون اجلاس پیر سے شروع ہوکر 12 اگست تک جاری رہے گا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button