ممبئی

انسانیت کے لیے رمضان کا تحفہ: بیڑ کی تکیہ مسجد میں مسلم تنظیموں کی جانب سے عطیہ خون کیمپ کا انعقاد

اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا(ایس آئی او) کی ریاست گیر مہم میں بیڑ کے 143 مسلمانوں سمیت مہاراشٹر کے ہزاروں افراد نے کیا خون کا عطیہ

ممبئی (بذریعہ اسید اشہر) مہاراشٹر کے بیڑ شہر کے مختلف مسلم تنظیموں نے متحدہ طور مسجد میں عطیہ خون کیمپ منعقد کیا۔ جہاں عالمگیر وبا "کرونا” کے قہر کے باوجود تمام احتیاطی تدابیر اور "کوویڈ 19” کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے 143 مسلمانوں نے خون کا عطیہ کیا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر بھر کے سرکاری اسپتالوں اور بلڈ بینکوں میں خون کی انتہائی کمی کے بعد حکومت مہاراشٹر نے عوام سے خون کا عطیہ سرکاری ہسپتالوں میں کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس کے بعد ایس آئی او، مہاراشٹر ساؤتھ زون نے "انسانیت کے لیے رمضان کا تحفہ”اس عنوان کے تحت بیڑ سمیت مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر عطیہ خون کیمپ کا انعقاد کیا۔ جہاں ہزاروں مسلمانوں نے سرکاری ہسپتالوں اور بلڈ بینکوں کو خون کا عطیہ دے کر رمضان کا تحفہ پیش کیا۔

اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا، مہاراشٹر ساؤتھ زون کے ڈاکٹر شہریار انصاری نے کہا، "ہم باقاعدگی سے مہاراشٹرا میں عطیہ خون کیمپ کا انعقاد کرتے رہے ہیں، لیکن کورونا وبا کے سبب ہم نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اب تک کوئی کیمپ منعقد نہیں کیا تھا۔ لیکن اب صورتحال تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہم ان کیمپوں کو ریاست بھر میں مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر اور منظم انداز میں منعقد کر رہے ہیں۔”

منعقدہ کیمپ کے ایک رضاکار، بلال پٹھان کا کہنا ہے کہ "ماہِ رمضان بالکل قریب ہے اور یہ وہ ماہ ہے جس میں پوری دنیا کے مسلمان اپنے روزوں اور عبادات کے ذریعے اپنی روح کو پاک کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ساتھ ہی زکوٰۃ کے ذریعہ ضرورت مندوں کی مدد بھی کرتے ہیں لیکن اس سال ہم نے سوچا کہ ہم خون کا عطیہ دے کر انسانوں کی مدد کریں گے۔”

ایس آئی او کے ریاستی صدر ، سلمان خان کا کہنا ہے کہ” حکومت کی اپیل کے بعد سے، ہم نے وبا کے پیش نظر تمام احتیاط کے ساتھ کوویڈ 19 کے اصولوں کی پاسداری کر تے ہوئے مہاراشٹرا میں 8 عطیہ خون کیمپ منعقد کیے ہیں اور مستقبل قریب میں مزید 10-12 عطیہ خون کیمپوں کو منعقد کیا جائے گا۔ نیز ہم نے رمضان سے عین قبل مسلم امت کو انسانی امداد کے لئے میدان عمل میں آنے کی دعوت دے کر اس عطیہ خون کیمپ کا آغاز کیا تھا، ابتداءً کوویڈ کے معاملات میں حالیہ اضافے کی وجہ سے مسلم عوام سے کسی خاص مثبت پیش رفت کی اُمّید نہ تھی، لیکن ہم نے تقریبا 400 افراد کی فعال شمولیت کو یقینی بنایا۔الحمدللہ” انہوں نے مذید کہا کہ "ہمیں مسلم عوام کے اِس مثبت رد عمل سے مزید حوصلہ ملا ہے اور مستقبل میں بھی ہم بلڈ بینکوں کی مدد کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔”

گذشتہ دنوں میں مہاراشٹر کے ممبئی میں متعدد کیمپ وکرولی، کرلا، گوونڈی، میراروڈ اور مراتھواڑہ میں جالنہ، لاتور، بیڑ، پرلی وغیرہ شہروں میں یوتھ ونگ، جماعت اسلامی ہند کے تعاون سے منعقد کئے گئےہیں۔ آئندہ ہفتوں میں مزید اور بھی کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا نیز جو لوگ اس کاز کے حوالے سے تعاون کرنا چاہتے ہیں وہ مقامی ایس آئی او کی یونٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close