گورنرکے پاس کنگناسے ملنے کاوقت ہے،کسانوں کے لیے فرصت نہیں ، شردپوارکاطنز،ممبئی میں کسانوں کاراج بھون مارچ،این سی پی سربراہ کی شرکت

ممبئی 25جنوری(آئی این ایس انڈیا) دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت میں ، آج مہاراشٹرا کے 21 اضلاع کے 15000کسانوں نے ممبئی کے آزاد میدان سے راج بھون کی طرف مارچ کیاہے ۔اس ریلی کو’لال بادل‘ کا نام دیا گیا ہے۔قبل ازیں این سی پی صدر شرد پوار آزاد میدان پہنچے اور کسانوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ لڑائی آسان نہیں ہے۔ اقتدار میں رہنے والے افراد ملک کے محنتی لوگوں کی پرواہ نہیں کرتے ہیں۔ آپ نے دیکھاہے کہ 60 دن ہوچکے ہیں ، سردی کی لپیٹ میں کسان مسلسل احتجاج کررہے ہیں۔ کیا وزیر اعظم کبھی انھیں جانتے ہیں؟ میں نے مہاراشٹر کی تاریخ میں ایسا گورنر نہیں دیکھا۔انہیں معلوم تھا کہ مہاراشٹر کے کسان ان سے ملنے آ رہے ہیں ، پھر بھی وہ گوا گئے۔ اس کے پاس کنگناسے ملنے کا وقت ہے ، لیکن کسانوں سے ملنے کا وقت نہیں ہے۔