دیوبند

معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات میں پانچ روزہ یوم جشن آزادی تقریبات اختتام پذیر

مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے نئی نسل کو واقف کرائیں : عفت ندیم

دیوبند، 19؍ اگست (رضوان سلمانی) معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں گزشتہ 15اگست سے چلنے والے جشن یوم آزادی کے موقع پر پروگرام آج اختتام پذیر ہوگئے۔ اس دوران ادارہ کی پرنسپل عفت ندیم الواجدی نے معہد میں منعقدہ پانچ روزہ تقریبات جشن آزادی کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا سورج مجاہدین آزادی کی قربانیوں، جدوجہد اور عزم وحوصلہ کے نتیجے میں طلوع ہوا ہے، پندرہ اگست کو جب ہم جشن یوم آزادی منا رہے ہیں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان مجاہدین آزادی کو یاد کریں، ان کی قربانیوں سے نئی نسل کو واقف کرائیں اور مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت اور سلام محبت پیش کریں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے جہاد آزادی کی قیادت کی اور شاہ عبدالعزیز کے فتوی جہاد آزادی نے تو مسلم قوم اور علماء کو جہاد آزادی کے جذبہ سے سرشار کردیا تھا، انہوں نے کہا کہ شاملی کا میدان ہو یا 1857 کی جنگ آزادی مسلمانوں نے ہر جگہ داد شجاعت پیش کی ہے،دار العلوم دیوبند کے عظیم فرزند حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی ؒ کی تحریک ریشمی رومال دار العلوم دیوبند کی خدمات آزادی کا روشن عنوان ہے، انہوں نے اس موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو چاہیے کہ جہاد آزادی کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور اپنے آباؤ واجداد کے کارناموں سے واقفیت حاصل کریں،انہوں نے کہا کہ جہاد آزادی میں مسلم خواتین کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے، بیگم حضرت محل، بی اماں،امجدی بیگم، نشاط النساء بیگم،زلیخا بیگم جیسی سیکڑوں اور ہزاروں ہندو ومسلم خواتین نے جہاد آزادی میں حصہ لیا۔

قبل ازاں معہد کی ناظم تعلیمات معلمہ ثمرین نے پرچم کشائی کی اور اساتذہ اور معلمات نے پرچم کو سلامی پیش کی، تقریب آزادی کا آغاز معہد کی طالبہ سہیلہ منی پور، ثانیہ نوشاد کی تلاوت کلام پاک اور نعتیہ کلام سے ہوا، جب کہ ترانہ ہندی اقراء رضوان نے پڑھا، دریں اثناء طالبات نے جہاد آزادی پر مشتمل تقریریں، مکالمے اور مختلف تاریخی پروگرام پیش کئے، جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ 15 اگست سے 19 اگست تک پانچ دنوں تک جاری رہا، معہد کی طالبات نے اپنی تقریروں، نظموں، مکالموں اور دوسرے ثقافتی پروگراموں کے ذریعے ان تقریبات میں پورے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔ معہد کے اساتذہ ومعلمات نے اپنی تقریروں کے ذریعے طالبات کو تحریک آزادی میں علماء دیوبند کی خدمات سے متعارف کرایا، پروگرام کا اختتام معہد کی پرنسپل محترمہ عفت ندیم الواجدی کی دعا پر ہوا،اس موقع پر معہد کی طالبات اور اسٹاف موجود رہا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button