معروف قلم کار وادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصرؒ کی یاد میں ’’قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ ‘‘ کی جانب سے مفت طبی کیمپ کا انعقاد

دیوبند، 5؍ فروری (رضوان سلمانی) قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کی جانب سے شاہ منزل محلہ خانقاہ میں مولانا نسیم اختر شاہ قیصر رحمۃ اللہِ علیہ کی یاد میںمفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح مولانا سالم اشرف اور سید وجاہت شاہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس دوران تقریباً 400مریضوں کی آنکھوں کی جانچ کی گئی اور انہیں مفت ادویات اور چشمے دیئے گئے۔
اس موقع پر مولانا سالم اشرف نے کہا نسیم اختر شاہ قیصرؒ کی یاد میں لوگوں کی خدمت کے لئے مفت آئی کیمپ لگانے کا ارادہ کافی دنوں سے ذہن میں تھا جو آج قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کے ذریعہ مکمل ہوا ۔ انہو ںنے کہا کہ یہ کیمپ ان غرباء و مساکین کی مدد کے لئے ہے جن کے لئے لئے ہسپتالوں کا خرچ اٹھانا ممکن نہیں۔ انہو ںنے کہا کہ لوگ کیمپ میں آکر مفت آنکھوں کا معائنہ کرا رہے ہیں، مفت دوائیں اور چشمے حاصل کررہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کے منتظمین بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ وہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی وقتاً فوقتاً علاقہ میں مفت طبی کیمپ لگاکر خدمت کررہے ہیں، اس سے بڑا کوئی ثواب کا کام نہیں ہے۔ مولانا نسیم اختر شاہ قیصرؒ کے بڑے صاحبزادے مفتی عبید انور شاہ قیصر نے کہا کہ یہ مفت طبی کیمپ اس شخصیت کی یاد میں لگایا جارہا ہے جس نے صرف اپنے علمی مقام سے لوگوں میں شہرت نہیں پائی بلکہ نسیم اختر شاہ قیصر ؒ نیحسنِ اخلاق اور لوگوں کی مدد کرنے کے لئے بھی مقبول و معروف ہوئے۔
انہو ں نے ٹرسٹ کے بانی طاہر شبلی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے والد محترم کے نام سے اس کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔ سید وجاہت شاہ نے کہا کہ قاسمی مانو ٹرسٹ دیوبند کا خانوادۂ شاہی شکر گزار ہے کہ انہوں نے عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر سابق استاذ دارالعلوم وقف دیوبند کو بھی خراج عقیدت پیش کی ۔ امید کی جانی چاہئے کہ یہ ٹرسٹ مستقبل میں بھی عوامی وسماجی خدمات میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔انہو ںنے کہا کہ اس مفت طبی کیمپ سے مقامی سیکڑوں افراد جن میں مرد وعورت اور بچے شامل تھے استفادہ کیا اور انہیں ڈاکٹر کی تفویض کردہ ادویات فراہم کی گئیں ۔
انہو ں نے کہا کہ قاسمی مانوسیوا ٹرسٹ علاقہ میں ہر ماہ مقامی عوام کے لئے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کرتا ہے جو ایک اچھا قدم ہے۔ قاسمی مانو سیوا ٹرسٹ کے بانی طاہر شبلی نے کہا کہ ہمارا ٹرسٹ وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کرتا ہے تاکہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کی جاسکے۔ کیوں کہ آج کے اس مہنگائی کے دور میں علاج بہت مہنگا ہوگیا ہے ۔ غریب لوگ اپنا صحیح طریقہ سے علاج بھی نہیں کرا پارہے ہیں۔ ہمارا ٹرسٹ گزشتہ کئی سالوں سے یتیموں ، بیوائوں اور دیگر ضرورت مندوں کی مدد کرتا آرہا ہے اور آج کا مفت آئی کیمپ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ اس دوران ڈاکٹر اسماء ، ڈاکٹر ثاقب ، ماہین، زید شبلی، امیر اعظم، نجم عثمانی ، تنویر اجمل، حافظ عمرا لٰہی، انصار مسعودی، نبیل مسعودی، عزیر انور شاہ قیصر اور خبیب انور شاہ قیصر وغیرہ موجود رہے۔ آخر میں طاہر شبلی نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔