دیوبند

معاشرہ میں مضبوط بنیادی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے

تعلیمی ادارہ ایجوکیشن پوائنٹ میں منعقدہ پروگرام سے جاوید سروہا کا اظہار خیال

دیوبند، 30؍ اگست (رضوان سلمانی) معاشرہ میں مضبوط بنیادی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ عصری تعلیمی اداروں میں اگر بنیاد صحیح معصوموں کو دینی ماحول ملے تو وہ تاعمر اس ماحول کو اپنے ذہنو ںمیں زندہ رکھیں گے اور کسی بھی میدان میں کام کرتے وقت اس ماحول سے وابستہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار محلہ ابوالمعالی میں واقع تعلیمی ادارہ ایجوکیشن پوائنٹ میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اداکار گروپ کے ڈائریکٹر جاوید خان سروہا نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرہ میں ایسے تعلیمی اداروں کی سخت ضرور ت ہے جہاں بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم بھی دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے لئے علم سیکھنا، اسے حاصل کرنے کی کوشش کرنا بھی عبادت ہے۔ جاوید خان سروہا نے کہا کہ بہترین علم تنہائی کا ساتھی ہے ، تعلیم کے بغیر فرد اور قومیں ترقی نہیں کرپاتیں ۔ انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنے والا رہنمائی اور قیادت اگر کرتا ہے تو وہ تمام قوم کی بھلائی کے لئے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کے نونہالوں کو ایسے اداروں میں تعلیم دلائی جائے جہاں عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کا بھی معقول انتظام ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر بنیاد دینی ماحول میں ڈالی جائے گی تو یہ عمارت پائیدار ہوگی اور آگے چل کر دنیا وی حیلوں بہانوں سے مقابلہ کرنے میں مضبوط ہوگی۔انہو ںنے کہا کہ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد وعورت پر فرض ہے جس کی شروعات ہمیں بچپن سے ہی کردینی چاہئے ، ہمارے اسلاف نے تعلیم کا منظم ومستقل طریقہ کار مہیا کرایا تھا جس کے بیشمار فوائد ومثبت اثرات سے آج تک پوری دنیا فیضیاب ہورہی ہے ، چاہے وہ دینی علم ہو یا عصری علوم ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خود بھی اور ہمارے اہل وعیال نونہالوں کو بھی علم نافع سیکھنا چاہئے جو انسان میں اخلاقی اقدار پیدا کرے ، ایسا علم انسان میں انسانوں کی خدمت کا جذبہ پیدا کرے جو ہمیں تہذیب وتمدن ، ثقافت اور مثبت رویوں کے ساتھ ہی حق وباطل میں سچ وجھوٹ میں،صحیح وغلط میں تمیز سکھائے، ایسا علم جو رضائے الٰہی کا سبب ہو۔ انہو ںنے کہا کہ آج کل کے ماحول میں مذہب کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، اگر ہمارے بچے دینی ماحول میں تربیت پائیں گے تو ان حالات کا مقابلہ آسانی سے کرپائیں گے۔

جاوید سروہا نے کہا کہ موجودہ دور مقابلہ آرائی کا ہے ، آج ہمیں ہرشعبہ میں ایک سے زائد مقابل نظر آرہے ہیں ، ہمیں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ان سے انہیں کی طرز پر مقابلہ کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں نے ثقافتی پروگرام پیش کئے ، اسکول کی پرنسپل بشریٰ مرغوب نے تعلیمی رپورٹ پیش کی اور امتحان میں کامیاب بچوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر شمشاد احمد، عارف سہیل، عبدالرحمن، محمد اسلم، عافیہ فاطمہ اور امجد صدیقی موجود رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button