مظفر نگر کا نوجوان جاپان میں دو ماہ سےلاپتہ،اہل خانہ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مدد کی اپیل کی

دیوبند، 6؍ اکتوبر (رضوان سلمانی) مظفر نگر کا ایک نوجوان جاپان میں 2 ماہ سے لاپتہ ہے جس کی بیوی بچے اور ماں سمیت کنبے کے افراد پریشان ہیں نوجوان کی بیوی نے وزیراعظم نریندرمودی سے مدد کی اپیل کی ہے۔ مظفر نگر کھالا پار امبا وہار کے رہنے والا ا رشاد احمد ولد عقیل احمد گذشتہ 13 برس سے جاپان میں مقیم تھا اور 4 ماہ قبل اپنے اہل خانہ سے ملنے کے بعد واپس جاپان چلا گیا تھا 8 اگست کو اہل خانہ نے ارشاد احمد سے واٹس ایپ کے ذریعہ بات کی تھی لیکن اسکے بعد کوئی رابطہ نہیں ہوپایا ہے اور نہ ہی 9 اگست سے ارشاد احمد واٹس ایپ پر آن لائن آیا ہے اسی وجہ سے لواحقین پریشان ہیں چنانچہ لواحقین نے دہلی میں واقع جاپان ایمبیسی سے رابطہ کیا لیکن وہاں سے بھی لواحقین کو کوئی تسلی بخش جواب نہیں مل پایا ہے
ذرائع کے مطابق ارشادجاپان کے توچینگی کین اویاما شیشیجینان کے انڈین ہوٹل روشنی میں باورچی کے طور پر کام کرتا تھا اور چار ماہ قبل اپنے اہل خانہ سے ملکر واپس جاپان چلاگیا تھا جس سے آخری بار8 اگست کو فون پر بات ہوئی تھی 9 اگست سے ہنوز آف لائن ہے ارشاد کے لاپتہ ہونے کے چند روز بعد اسکی بیوی دھلی میں واقع جاپانی سفارت خانے گئی تھی وہاں سے انہیں جاپان میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کو کہا گیا اس نے کئی بار جاپان میں ہندوستانی سفارت خانے کے اہلکاروں سے بات کی ہے لیکن ابھی تک وہاں سے بھی کوئی جواب نہیں ملا اور جاپان میں اسکے ساتھ رہنے والوں سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن ان سے بھی کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے
ارشاد کی بیوی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مدد کی اپیل کی ہے انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ جاپان میں لاپتہ ہونے والے اسکے شوہر کی تلاش کرائی جائے ادھر تھانہ بھون آر ایل ڈی کے ایم ایل اے اشرف علی خان نے جاپان میں ہندوستانی سفارت خانے سے ٹویٹ کرکے ارشاد کی تلاش میں مدد کی درخواست کی ہے اشرف علی خان نے ٹوئٹ کیا کہ ارشاد احمد 9 اگست سے لاپتہ ہے جسکی بیوی کو جاپان میں انڈین ایمبیسی کے ذریعہ کوئی جواب تک نہیں ملا ہے اور آج تک ان کی کوئی سنوائی بھی نہیں ہوئی ہے۔
ارشاد کی اہلیہ سرتاج بانو کا کہنا ہے کی گزشتہ دو مہینوں سے ارشاد سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکاہے۔ ہم دہلی میں جاپانی سفارت خانے کا کئی مرتبہ چکر کاٹ چکے ہیں لیکن وہاں سے کوئی مدد نہیں ملی چیف منسٹر پورٹل پر بھی شکایت درج کرائی ہے کہیں پر بھی کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ اب اُنہوں نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی ہے کہ میرے شوہرکوتلاش کرنے میں ہماری مددکریں۔