دیوبند

مظفرنگر فساد کے ملزم بی جے پی رکن اسمبلی کی رکنیت منسوخ

لوکدل کے قومی صدر جینت چودھری نے ٹویٹ کر دی معلومات

دیوبند، 4؍ نومبر (رضوان سلمانی) مظفرنگر فساد کے معاملہ میں عدالت کے ذریعہ دوسال کی سزا سنائے جانے کے سبب بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی اسمبلی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔ مظفر نگر ضلع کے کھتولی سے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی اسمبلی رکنیت ختم کردی گئی ہے، انہیں دو سال کی سزا کے ساتھ10 ہزار روپے کا جرمانہ بھی ادا کرنے کاحکم دیاگیا تھا۔

آر ایل ڈی کے صدر چودھری جینت سنگھ نے بھی ٹویٹ کر کے لکھا کہ آخر کار عدالتی حکم کا نوٹس لیتے ہوئے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔اسمبلی سکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ دو سال یا اس سے زیادہ کی سزا کے بعد رکنیت خود بخود ختم ہوجاتی ہے۔ وکرم سینی کا معاملہ مقدمے کی سماعت کے لیے محکمہ قانون و انصاف کو بھیج دیا گیا ہے۔

محکمہ انصاف سے واضح رائے طلب کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کا اطلاق دو سال کی سزا پر ہوگا یا صرف دو سال سے زیادہ کی سزا پر۔ وکرم سینی کو دو سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ سیٹ خالی قرار دینے کا فیصلہ محکمہ انصاف کی رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ادھرمظفر نگر فسادات کے معاملے میں، کھتولی کے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ سے دو سال کی سزا کے سلسلے میں ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ نچلی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔11 اکتوبر کو کوال واقعہ کے معاملہ میں عدالت نے ایم ایل اے وکرم سینی سمیت 12 ملزمان کو دو سال قید اور دس دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ایم ایل اے سمیت تمام ملزمان کی درخواست ضمانت بھی منظور کر لی گئی تھی۔ نچلی عدالت کے فیصلے پر ایم ایل اے نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ایم ایل اے کے وکیل بھرت ویر اہلوت نے بتایا کہ اپیل دائر کر دی گئی ہے، جلد ہی سماعت کی تاریخ طے کی جائے گی۔ دوسری جانب ضلع انتظامیہ نے مقامی عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی حکومت کو بھجوا دی ہے۔ ڈی جی سی راجیو شرما نے اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ سزا کی کاپی ڈی ایم آفس کے ذریعہ ایم ایل اے کو بھیجی گئی ہے۔29؍ اگست 2013 کو کوال گاؤں میں دونوں فرقوں کے لوگ آمنے سامنے آگئے تھے۔ تشدد اور آتش زنی کے واقعے کے بعد پولیس نے سکھیڑا پولیس اسٹیشن میں پردھان کے سابق شوہر وکرم سینی سمیت 28 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

اس کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں ہوئی۔ جہاں وکرم سینی سمیت 12 ملزمان کو دھمکی دینے کے معاملے میں دفعہ 148 کے تحت انہیں دو سال قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ایس پی لیڈر سابق وزیر اعظم خان کو تین سال کی سزا سنائے جانے کے ان کی اسمبلی رکنیت ختم کردی گئی ہیں،وہیں اب وکرم سینی کا واقعہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سوال اٹھا رہے ہیں۔ آر ایل ڈی کے صدر جینت سنگھ نے بھی اس سلسلے میں ایک خط لکھا ہے۔ وہیں وکرم سینی کا کہنا ہے کہ آر ایل ڈی صدر کوقاعدے قانون کا علم نہیں ہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button