مضامین و مقالات

حضرات صحابہ کرام ؓمعیارِ حق اور دین اسلام کی بنیاد و اساس ہیں : مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی

جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام بکرمنڈی ڈھال پر جلسہ شہدائے اسلام کا انعقاد
کانپور ۔ 24 اگست 2020 (محمد حاتم)
شہری جمعیۃ علماء کانپور و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور زیر اہتمام منائے جا رہے آن لائن شہدائے اسلام عشرہ کے تحت تیسرے روز بکر منڈی ڈھال میں منعقدہ جلسہ شہدائے اسلام سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی امام و خطیب جامع مسجد اشرف آباد نے کہا کہ مذہب اسلام ایک کامل و مکمل دین ہے اور قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کیلئے پیدائش سے لے کر موت تک زندگی کے ہر ہر شعبہ میں رہنمائی کرتا ہے۔ اللہ کے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم عرب سے باہر تشریف نہیں لے گئے، چنانچہ اللہ رب العزت نے تمام امت تک اپنا دین پہنچانے کیلئے حضرات صحابہ کرام ؓکا انتخاب فرمایا اور حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے دین سیکھ کر سارے عالم کو دین اسلام کے نور سے روشن کردیا۔ انہوں نے بتایا اہل سنت والجماعت کا عقیدہ ہے کہ حضرات صحابہ کرام ؓمعیارِ حق ہیں، بلا استثناء سب کے سب جنتی اور دین اسلام کی بنیاد و اساس ہیں۔ جو اس عقیدہ سے ذرہ برابر بھی ہٹے گا وہ راہِ حق سے منحرف شمار کیا جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن طاقتوں کا سب سے پہلا نشانہ حضرات صحابہ کرامؓ کی ذات ہوتی ہے، خدا نخواستہ اگر صحابہ کرامؓ کی ذات مجروح کردی گئی تو پورا کا پورا دین مشکوک ہوجائے گا۔
مولانا نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں صحابہ کرامؓ کی عظمت اور ان کے مقام و مرتبہ سے لوگوں کو واقف کرانا ہر ایک مسلمان کا شرعی فریضہ ہے۔ خصوصا ًایسے حالات میں جبکہ صحابہ کرامؓ کی عظمت اور ان کی شان گھٹانے کی ناپاک کوششیں کی جارہی ہوں، ایسے میں اگر ہم نے اپنا فریضہ ادا نہ کیا تو اللہ کے یہاں جوابدہ ہونا پڑے گا۔
جمعیۃ اہل سنت و الجماعت کے ناظم مولانا امیر حمزہ نے فرمایا کہ محرم الحرام کا مہینہ عظمت والا مہینہ ہے اس کی حرمت کا بیان خود اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا ہے، اب اگر اللہ کسی مہینے کو حرمت یعنی احترام والا کہیں اور دنیا میں کوئی اس مہینے کو منحوس سمجھے تو یہاں پر کس کی چلے گی؟ یقینا اللہ کی بات اوپر رہے گی۔اس لئے کسی خاص واقعہ سے ماہ محرم الحرام کی حرمت اور عظمت ختم نہیں ہو جاتی بلکہ اس مہینے سے جو چیز جڑے گی اور جو واقعہ اس مہینے میں رونما ہوگا اس کی عظمت میں بھی مزید چار چاند لگ جائیں گے، لہٰذا کسی کی شہادت یا اور کسی غم سے پورے مہینے کو ہی نحوست والا قرار دینا کھلم کھلا اللہ رب العزت کے فرمان سے بغاوت ہے۔
مولانا نے فرمایا کہ حضرات اہل بیتؓ سے محبت ایمان کا جز ہے اسی طرح تمام صحابہ سے محبت ایمان کا حصہ ہے اگر کسی ایک کی محبت کی وجہ سے کسی بغض رکھا تو یہ سلب ایمان کا سبب بن سکتا ہے۔
اس سے قبل جلسہ کا آغاز محمد حنظلہ‘ کہ تلاوت قرآن پاک سے کیا۔طہور بختیار نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ جلسہ میں مولانا محمد شجاع، حافظ محمد شارق، حافظ محمد الماس، حافظ عبد الرحمن، محمد منیب، محمد زید موقع پر موجود رہے،اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے آن لائن آکر جلسہ میں شرکت کیا۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close