مشتبہ حالات میں غائب ہوا نوجوان پولیس کر رہی ہے تلاش

دیوبند،28؍جولائی(رضوان سلمانی) دیوبند کے مشہور تاجر اور وکیل منوج سنگھل کا 19سالہ بیٹا مشتبہ حالت میں غائب ہوگیا ۔غائب لڑکے کی سائیکل پولیس کوریلوے اسٹیشن پر پڑی ملی ہے ۔پولیس غائب ہوئے لڑکے کی تلاش میں لگ گئی ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق کیلاش پورہ کالونی کے رہنے والے منوج سنگھل ایڈوکیٹ کا لڑکا شوم سنگھل گذشتہ دیر شام سائیکل پر سوار ہوکر گھر سے گھومنے کے لئے نکلا تھا کئی گھنٹہ تک جب وہ اپنے گھر واپس نہیں آیا تو اہل خانہ کو پریشانی ہوئی اور انہوں نے شوم کی تلاش شروع کردی دیر رات تک جب اس کا کچھ علم نہیں ہوا تو اسکی اطلاع پولیس کو دی گئی ۔پولیس نے لڑکے کی تلاش شروع اور ریلوے روڑ اور اسٹیشن کے نزدیک نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی ۔فوٹیج میں شوم بذریعہ سائیکل ریلوے اسٹیشن کی طرف جاتا ہوا نظر آیا جب پولیس ریلوے اسٹیشن پہنچی تو شوم کی سائیکل جی آر پی پولیس دفتر کے نزدیک کھڑی ملی آج بھی دن بھر پولیس اور شوم کے اہل خانہ اس کی تلاش کرتے رہے لیکن 24گھنٹہ گذرنے کے بعد بھی اس کا کوئی سراغ نہیں لگا ہے اس سلسلہ میں سی او رام کرن سنگھ نے بتایا کہ شوم کے پاس موبائل نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھی پولیس اس کی تلاش میں لگی ہوئی ہے۔