حیدرآباد

مسلمان کو ذہنی اور جسمانی طورپربھی مضبوط رہنا چاہئے : مولانا ارشد چشتی ابوالعلائی

حیدرآباد(راست) صحت اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ پاکیزہ اور حلال غذا سے انسان کی صحت اچھی رہتی ہے۔ نبی کریم صلعم نے قوی مومن کو ضعیف مومن سے افضل قراردیاہے۔ان خیالات کااظہار مولانا صوفی ارشد چشتی ابوالعلائی (سجادہ نشین خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ منڈی میر عالم) نے ڈاکٹرفرحانہ غالب قیصر میٹرنٹی اینڈ جنرل ہاسپٹل ججس کالونی ملک پیٹ کی ایک سال کی تکمیل کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہاکہ دلوں کااطمینان اللہ کے ذکر میں ہے۔

مولانا نے کہاکہ نفسیاتی امراض سے نجات کا ایک بڑا ذریعہ معاملات میں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے کہ مرض ، مالی یا جانی نقصان ،خوف ،بھوک میں انسان صبر کرے اور اللہ کا حکم اور اس کا فیصلہ قرار دے۔مولانا نے کہاکہ بیماری اور شفاء کا نظام اللہ کے ہاتھ میں ہے۔وہ جسے چاہتا ہے بیماری میں مبتلا کر دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے صحت جیسی عظیم الشان نعمت سے سرفراز فرما دیتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ہی اس نے بیماری کے وقت ادویات استعمال کرنے اور ظاہری اسباب کو بروئے کار لانے کی ترغیب دی ہے۔نبی کریم نے متعدد اشیاء کو بطور علاج استعما ل کرنے کا حکم دیا ہے۔ آپؐ نے اپنی حیات میں جہاں روحانی اور باطنی بیماریوں کے حل تجویز فرمائے وہیں جسمانی اور ظاہری امراض کے لیے بھی اس قدر آسان اور نفع بخش ہدایات دیں کہ دنیا چاہے جتنی بھی ترقی کر لے لیکن ان سے سرمنحرف نہیں ہوسکتی۔

مولانا نے کہاکہ فرحانہ ہاسپٹل خواتین کیلئے ایک بہترین ہاسپٹل ہے ۔اس موقع پر قیصر چشتی ابوالعلائی کی گلپوشی کی گئی۔ عثمان یافعی،محمدانورالدین بیابانی، حبیب خان ابوالعلائی ،محمدسراج الدین ابوالعلائی، سہیل خان ابوالعلائی، سید سمیع ابوالعلائی، سید رئوف ابوالعلائی، کرار حسین ابوالعلائی، سعیدابوالعلائی، فیصل ابوالعلائی، امان ابوالعلائی، محمد فیضان ابوالعلائی اوردیگرموجودتھے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button