ہندو دیوتاؤں کی مبینہ توہین کرنے والے مزاحیہ اداکار کو ضمانت نہیں ملی

اندور6جنوری(آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے اندورمیں ایک مزاحیہ شو کے دوران مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرے کرنے کے معاملے میں اندورکی سیشن عدالت نے منگل کے روز گجرات کے مزاح نگار ، منور فاروقی اور ایک اور ملزم کی ضمانت منظور کرنے سے انکارکردیاہے۔ملزمان کو یکم جنوری کو بی جے پی کے ایک مقامی ایم ایل اے کے بیٹے کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج یتیندر کمار گرو نے دونوں اطراف کے دلائل سننے کے بعد گجرات کے جوناگڑھ سے تعلق رکھنے والے اندور کے رہائشی نلن یادوکی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔ عدالت میں دلائل کے دوران فاروقی اور یادوکے وکیل انشومن سریواستو نے کہاہے کہ ایف آئی آر میں ان کے دومؤکلوں کے خلاف الزامات غیر واضح ہیں اور یہ مقدمہ سیاسی دباؤمیں درج کیا گیا ہے۔