مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے نئے نوٹیفکیشن سمیت دیگر اہم مسائل پر وزیر اعلی بہار سےامیرشریعت کی ملاقات

14جون 2022 (ہندوستان اردو ٹائمز) آج مورخہ 14جون 2022 روز منگل کو امیرشریعت بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کے ساتھ امارت شرعیہ کے ایک موقر وفد نے وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار صاحب سے ان کی رہائش گاہ ایک انے مارگ پٹنہ پر شام ساڑھے چار بجے ملاقات کی۔وفد میں نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی, قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی اور مولانا محمد فاروق رحمانی شریک تھے ۔
حضرت امیر شریعت نے وزیر اعلی کے سامنے تفصیل کے ساتھ مسلمانوں کے مسائل بالخصوص بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے تعلق سے حکومت کے حالیہ تینوں نوٹیفکیشن395 ,396 اور 397 کے سلسلہ میں اہم نکات کو رکھا، آپ نے ترتیب وار تمام قابل اعتراض شقوں کوتحریری طور پر وزیر اعلی کو پیش کیا اور ان کے بارے میں گفتگوکی اور اسکے نقصانات سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے نظر ثانی کا مطالبہ کیا ، محترم وزیر اعلی نے غور سے ان سبھی باتوں کو سنا اور اس کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اسی وقت اپنے پرسنل سکریٹری کو بلا کر ہدایت دی کہ وہ پیش کیے گئے میمورنڈم کاجائزہ لے کر متعلقہ شعبہ کے عہدے داران اور افسران سے ان کی فوری میٹنگ طے کریں۔ انہوں نے حضرت امیر شریعت سے وعدہ کیا کہ وہ ان سبھی امور پر متعلقہ شعبہ کے ذمہ داروں سے بات کریں گے اور ان نوٹیفکیشنز کا دوبارہ جائزہ لے کر قابل اعتراض امور کو ہٹانے کے سلسلہ میں ضروری اقدامات کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مدارس کا معیار بلند ہو اور ان میں بہتر سے بہتر تعلیم ہو۔
حضرت امیر شریعت نے وزیر اعلی بہار سے اقلیتوں سے متعلق دیگر اہم معاملات پر بھی بات کی آپ نے کہا کہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ, بہار اردو اکیڈمی, مائنورٹی کمیشن جیسے اہم اقلیتی اداروں میں چیئرمین کی تقرری نہیں ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ بھی کئی اہم عہدے خالی پڑے ہیں ,جس کی وجہ سے یہ ادارے تعطل کا شکار ہیں۔ ان اداروں کی خالی جگہوں پر جلد تقرری کر کے ان کو دوبارہ فعال بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی نظر ان سب مسائل پر ہے اور وہ جلد ہی اس پر مناسب اقدام کریں گے ۔
امارت شرعیہ کے وفد کی وزیر اعلی بہار سے یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اقلیتوں سے متعلق بہت سے ضروری اور اہم مسائل پر گفتگو ہوئی۔ امید ہے کہ یہ ملاقات نتیجہ خیز اور امید افزائ ثابت ہو گی۔
واضح رہے کہ اس اہم ملاقات میں وزیر اعلی کے ہمراہ جدیو کے سینئر لیڈر اور جدیو پارلیمانی بورڈ کے صدر جناب اپیندر کشواہا صاحب بھی موجود تھے۔