محمد زبیر14 دن کی عدالتی تحویل میں

لکھیم پور ،۱۱؍جولائی (ہندوستان اردو ٹائمز ) یوپی کے لکھیم پور کھیری کی ایک مقامی عدالت نے پیر کو آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو گروپوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے کے الزام میں ان کیخلاف گزشتہ سال درج ایک مقدمہ میں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ زبیر، جو سیتا پور ڈسٹرکٹ جیل میں بند ہیں،انہیں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے لکھیم پور کھیری کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پیر کے روز لکھیم پور کھیری پولیس نے ایک مقامی عدالت میں ایک درخواست بھی دائر کی جس میں الٹ نیوزکے شریک بانی سے پوچھ گچھ کے لیے 14 دن کی پولیس تحویل کی درخواست کی گئی۔زبیر کیس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ روچی سریواستو کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا،ایڈیشنل پراسیکیوٹنگ آفیسر (لکھیم پور کھیری) اودھیش کمار نے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت زبیر کی پولیس تحویل کی درخواست پر 13 جولائی کو سماعت کرے گی۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (لکھیم پور کھیری) سنجیو سمن نے کہا کہ زبیر کو منگل کو سپریم کورٹ میں پیشی کے لیے دہلی لے جانے کا امکان ہے۔لکھیم پور کھیری میں مقدمہ گزشتہ سال ستمبر میں عدالت کی ہدایت پر درج کیا گیا تھا۔
جمعہ کوپولیس نے مقامی عدالت سے رجوع کیا۔زبیر کے خلاف وارنٹ بی حاصل کیا اور اسے سیتا پور ڈسٹرکٹ جیل میں پیش کیا جہاں وہ بند ہے۔پولیس کے مطابق ایک مقامی ٹی وی صحافی ہونے کا دعویٰ کرنے والے آشیش کمار کٹیار نے گزشتہ سال 18 ستمبر کو لکھیم پور کھیری کے محمدی پولیس اسٹیشن میں زبیر اور ٹوئٹر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ کٹیار نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑتے ہوئے اس کے چینل کے ذریعے نشر ہونے والے مواد پر جھوٹی خبریں پھیلائی تھیں۔کٹیار نے ایف آئی آر کے اندراج کی ہدایت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا کیونکہ مقامی پولیس نے اس کی شکایت پر غور نہیں کیا تھا۔
عدالتی ہدایت کے بعد، زبیر کے خلاف آئی پی سی سیکشن 153 اے (دو گروپوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔دہلی پولیس کی جانب سے زبیر کو ایک کیس میں گرفتار کرنے کے تقریباً ایک ہفتہ بعد، سیتا پور پولیس نے مقامی عدالت سے رجوع کیا اور ٹویٹر پر ایک ناظر کیخلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے الزام میں خیرآباد پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف درج ایک کیس میں اس کا ریمانڈ طلب کیا۔ 8 جولائی کو سپریم کورٹ نے سیتا پور کیس میں زبیر کو پانچ دن کی عبوری ضمانت دی تھی۔