ماں بیٹے کو سڑک پارکرانے والا سعودی ٹریفک اہلکار خود گاڑی کی ٹکرسے جاں بحق

سعودی عرب میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرڈیوٹی کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار کی موت کی خبر گردش کررہی ہے۔ اس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ٹریفک سکیورٹی اہلکارماں اوربچے کوسڑک پار کرنے میں مدد دی اور واپس اپنی ڈیوٹی پرآیا تو ایک گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔
تفصیلات کے مطابق فرسٹ سارجنٹ فہد الکلیب الاحساء گورنری میں کنگ عبداللہ ماحولیاتی پارک کے ساتھ والی شاہ عبداللہ رنگ روڈ کو عبور کرنے میں ایک ماں اور اس کے بچے کی مدد کرنے کے بعد خود چل بسا۔
گشت پر واپسی پروہ ایک کار سے ٹکرا گیا اور اس حادثے کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ یہ المناک واقعہ جمعہ کے روز مشرقی صوبے میں میں پیش آیا۔ جاں بحق سارجنٹ کو سکیورٹی گشت کے کمانڈر کی موجودگی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ایک انٹرویو میں حادثے میں مارے جانے والے اہلکار کے بھائی توفیق الکلیب نے وضاحت کی کہ فہد نے ایک خاندان کو بچانے کے لیے اپنے آپ کو قربان کر دیا۔ اس نے ایک ماں اور اس کے بچے کو سڑک پار کرنے میں مدد کی۔ اس خوف سے کہ انہیں کوئی گاڑی نقصان نہ پہنچا دے مگر اسی سڑک سے واپسی کے دوران ایک لاپرواہ شخص کی طرف سے چلائی جانے والی کار نے اسے ٹکر مار دی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کے 33 سالہ بھائی کی موت جمعہ کی صبح 2 بجے اس وقت ہوئی جب وہ شاہ عبداللہ ماحولیاتی پارک کے قریب ایک عوامی سڑک پر اپنے حفاظتی گشت پر کھڑا تھا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی اس ویڈیو پرصارفین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوت ہونے والے اہلکار کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔