لکھیم پور کھیری کیس میں سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کی ضمانت منسوخ

نئی دہلی،18؍اپریل (ہندوستان اردو ٹائمز) لکھیم پور کھیڑی کیس میں سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ آیاہے۔ وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کی ضمانت منسوخ کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو خارج کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ متاثرین کو ہر کارروائی میں سماعت کا حق ہے۔ موجودہ کیس میں متاثرین کو سماعت کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ آشیش مشرا ایک ہفتے میں خودسپردگی کریں۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ آشیش مشرا کی ضمانت کی درخواست پر دوبارہ غور کرے۔ متاثرہ فریقوں کے وکیل دشینت ڈیو نے زور دیا کہ سپریم کورٹ کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے کہنا چاہیے کہ اس بار یہ معاملہ کسی اور بنچ کے سامنے جانا چاہیے۔ سی جے آئی نے کہا کہ ایسا حکم جاری کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ ہمیں یقین ہے کہ وہی جج اس معاملے کو دوبارہ سماعت کرنا بھی نہیں چاہیں گے۔
غور طلب ہے کہ 16 مارچ کو سپریم کورٹ نے یوپی حکومت اور آشیش مشرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا تھا کہ آشیش مشرا کی ضمانت کیوں نہ منسوخ کی جائے۔ سپریم کورٹ نے گواہ پر حملے کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے گواہوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی جواب طلب کیا تھا۔
سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کو تمام گواہوں کی حفاظت کرنے کی ہدایت دی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ آشیش مشرا کو ضمانت ملنے کے بعد ایک اہم محفوظ گواہ پر وحشیانہ حملہ کیا گیا تھا اور حملہ آوروں نے دھمکی دی تھی ۔