عجیب و غریب

لاکھوں کی لاٹری جیت کر راتوں رات کروڑ پتی بننے والے شخص نے اپنی اہلیہ اور بچوں سے علیٰحدگی کا فیصلہ کرلیا

لندن: 1997ءمیں 50لاکھ پاﺅنڈ کی لاٹری جیت کر راتوں رات کروڑ پتی بننے والے برطانوی شخص نے کسی اور خاتون کے لیے اپنی اہلیہ کو طلاق دے دی۔”دی سن” کے مطابق 52سالہ بیری شیوین اور اس کی 54سالہ اہلیہ جینی نے لاٹری جیتنے کے بعد ایک پرتعیش زندگی بسر کرنی شروع کی۔ انہوں نے ساڑھے 17لاکھ پاﺅنڈ مالیت کا ایک عالیشان گھر خریدا۔ اس کے علاوہ بھی گلاسگو میں انہوں نے کئی لگژری جائیدادیں خریدیں۔

بیری اور جینی نے بچوں کی سپیشل ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک فلاحی تنظیم ’دی ٹیڈی بیئر فاﺅنڈیشن‘ بھی قائم کی، جس پر مالی اور انتظامی نوعیت کے کئی الزامات عائد ہوئے اور چیئرٹی واچ ڈاگ او ایس سی آر ان الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ بیری نے اہلیہ سے علیٰحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”میں کام کے دوران کسی اور خاتون سے ملا، جس سے مجھے محبت ہو گئی اور اس کے لیے میں نے اپنی اہلیہ سے علیٰحدگی کا فیصلہ کر لیا۔

میں سمجھتا ہوں کہ ہماری فلاحی تنظیم کے معاملات اور کاروباری امور کے دباﺅ کا ہماری علیٰحدگی میں بہت بڑا ہاتھ ہے۔ میں نے جینی اور اپنے تینوں بچوں سے معافی مانگی ہے اور امید کرتا ہوں کہ میں مستقبل میں بھی اپنے بچوں کے لیے ایک اچھا باپ ثابت ہوں گا۔ “ واضح رہے کہ بیری اور جینی کے بچوں کی عمریں 21،17اور 15سال ہیں۔علیٰحدگی پر تاحال جینی کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button