پٹنہ

لالو پرساد یادو کے ٹھکانوں پر سی بی آئی کے چھاپے، نیا مقدمہ درج

پٹنہ: چارہ گھوٹالہ کیس میں ضمانت پر باہر آنے والے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، ان کے ساتھ ان کی بیٹی میسا بھی سی بی آئی کی کارروائی کی زد میں ہیں۔ سی بی آئی نے لالو اور ان کی بیٹی کے خلاف ان کے دور حکومت میں بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ایک تازہ مقدمہ درج کیا ہے۔

بدعنوانی کے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے سی بی آئی کی ٹیم 15 مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے جس میں پٹنہ میں لالو کی رہائش گاہ (موجودہ وقت میں رابڑی دیوی کی رہائش) شامل ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق لالو یادو سے وابستہ پٹنہ، گوپال گنج اور دہلی میں واقع ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ چارہ گھوٹالہ کے ’ڈورانڈا خزانے‘ سے غیر قانونی طور پیسے کی نکاسی کے معاملے میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ 22 تاریخ کو لالو پرساد یادو کو ضمانت دی تھی۔ ضمانت کے بعد انہوں نے کچھ دنوں تک ایمس میں اپنا علاج کرایا، جس کے بعد سے وہ اپنی بڑی بیٹی میسا بھارتی کے گھر پر موجود ہیں۔ لالو یادو کو عدالت میں سماعت سے قبل خرابیٔ صحت کی وجہ سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے دہلی ایمس لایا گیا تھا۔

تاہم ان کو اسپتال میں داخل کرنے پر بھی جدوجہد ہوئی تھی۔ معائنے کے بعد ایمس کے ڈاکٹروں نے یہ کہتے انہیں رانچی کے ریمس میں علاج کرانے کے لیے کہا تھا کہ وہ نارمل ہیں، جس کے بعد وہ واپس آنے کی تیاری کر رہے تھے۔ لیکن اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں داخل کر لیا گیا تھا۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button