قرآن کریم کی تلاوت میں تجوید کا لحاظ رکھنا ضروری ہے، مدرسہ کنزالعلوم ٹڈولی میں منعقد محفل قرأت میں قاری شفیق الرحمن کا خطاب

دیوبند، 14؍ فروری (رضوان سلمانی) علاقہ کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ کنزالعلوم ٹڈولی میں عظیم الشان محفل حسن قرأت کا انعقاد کیاگیا،جس میں مساہمین نے بہترین آواز میں کلام الٰہی کی تلاوت کرکے محفل کو نورانی کردیا،اس دوران مہمانوں کے ہاتھوں طلبہ کو گرانقدر انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔دارالعلوم دیوبند کے شعبہ تجوید و قرأت کے استاذ قاری محمد شفیق الرحمن کی سرپرستی میں منعقد اس روحانی محفل کی صدارت ادارہ کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد عامر مظاہری نے کی۔
ادارہ کے شعبہ تجوید و قرأت کے استاذ قاری محمد ثاقب معروف کی زیر نگرانی منعقد محفل قرأت میں بطور مہمان خصوصی قاری محمد اسرار احمد العلوم خان پور، قاری عطاء الرحمن، و قاری محمد بلال مدنی مدرسہ انبھٹہ پیر، مولانا محمد عاقل ،مولانا واصل مفتی ضیاء الحق،مولانا محمد کلیم ،مفتی محمد شعیب ،مفتی پرویز عالم ایوبی، حافظ محبوب حسن ،حافظ محمد عالم قاری محمد ناصر،قاری محمد عمران نواز پور، قاری محمد اویس امیر پور، قاری عبدالغفار دھلاپڑہ ،مولانا محمد الطاف منڈنے شرکت کی۔
اس موقع پر قاری شفیق الرحمن نے قرآن کریم کی عظمت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہمیں بہتر ین سے بہترین انداز میں تلاوت کلام اللہ کرنی چاہئے، انہوںنے تجوید اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہاکہ قرآن کریم کا جو حق وہ تو ہم ادا نہیں کرسکتے ہیں لیکن ہمیں اپنی جانب سے اس کے تمام قواعد و ضوابط پر عمل کرنا چاہئے۔انہوں نے محفل قرأت میں حصہ لینے والے طلبہ اور ان کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی اور کہاکہ ہمیں قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اس کے احکامات پر بھی عمل کرنا چاہئے ،کیونکہ یہی دونوں جہاں میں فلاح اور کامیابی کا راستہ ہے۔
ادارہ کے ناظم اعلیٰ قاری محمد عامر مظاہری نے بھی بچوں کو اپنی قیمتی نصیحتوں سے نوازا اور کہاکہ قرآن کریم کی تلاوت کے دوران اس کے قواعد کا لحاظ رکھنا بیحد ضروری ہے۔ اس دوران نے محفل قرأت میں شرکت کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مہمانوں اور اساتذہ کے ہاتھوں گرانقدر انعامات سے نوازاگیا۔ قبل ازاں پروگرام کا آغاز مولانا قاری محمد ثاقب معروف کی تلاوت اور قاری محمد شعیب گڑھی بیسک کی نعت سے ہوا۔ نظامت کے کے فرائض مولوی محمد افتخار انبہٹوی نے انجام دیئے۔آخر میں قاری محمد ثاقب معروف نے تمام مہمانان کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا محمد عامر مظاھری کی دعاء پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔