فقہ و فتاوی

کیا روزہ کے فدیہ میں کھانا کھلانا، غلّہ دینا یا نقد بھی دے سکتے ہیں ؟ احتلام یا حیض آنے سے روزہ ٹوٹ جائے گا ؟ رمضان کے اہم مسائل

 

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

 

سوال (1) کیا روزہ کے فدیہ میں کھانا کھلانا یا غلّہ دینا ضروری ہے ، یا نقد بھی دے سکتے ہیں؟

جواب :کوئی شخص پورے مہینے کا فدیہ دینا چاہتا ہے تو یا تو ہر روزہ کے بدلے ایک مسکین کو دو وقت کا کھانا کھلائے، یا ہر روز دو مسکینوں کو ایک وقت کا کھانا کھلائے ، یا اس کے بہ قدر ایک یا ایک سے زیادہ مسکینوں میں غلّہ تقسیم کردے ، یا وہ اس کے بہ قدر نقد رقم بھی تقسیم کرسکتا ہے _موجودہ دور میں بہتر ہے کہ نقد رقم دے ، تاکہ مسکین اس سے اپنی ضرورت کی کوئی چیز لے سکے _

سوال (2)کیا افطار کے وقت دعا پڑھنی ضروری ہے؟ بھول جائیں تو روزہ پر کچھ اثر تو نہیں پڑتا؟

جواب :روزہ کے موقع پر دعا پڑھنا مسنون ہے _ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے متعدد دعائیں ثابت ہیں _ دعا پڑھنا بھول جائیں تو اس سے روزہ پر کوئی اثر نہیں پڑتا _

سوال (3)کیا سحری کرتے وقت نیت کرنی ضروری ہے؟ اگر بھول جائیں تو کیا روزہ ہوجائے گا؟

جواب:نیت دل کے ارادے کا نام ہے  آپ جب سحری کھانے اٹھے ، اس کا مطلب ہی یہ ہے کہ آپ روزہ رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں الفاظ میں نیت نہ پڑھیں تو بھی کوئی فرق نہیں پڑتا _ روزہ ہوجاتا ہے _

سوال (4)اگر ناپاکی کی حالت میں صبح آنکھ کھلے ( یہ ناپاکی چاہے جنسی تعلق کی ہو یا احتلام کی) اور سحری کا وقت بہت تنگ ہو تو پہلے غسل کریں ؟ یا پہلے سحری کھائیں ، بعد میں غسل کریں؟

جواب :پہلے سحری کریں ، بعد میں غسل کریں _ ناپاکی کی حالت میں روزہ کا آغاز کرنے سے روزہ پر کچھ اثر نہیں پڑتا _ ہاں ، جلد از جلد پاکی حاصل کرلینی چاہیے _

سوال (5)دعوتِ ولیمہ نکاح کے دوسرے دن سنت ہے ، یا تیسرے یا چوتھے روز بھی کر سکتے ہیں؟

جواب :نکاح کے بعد کسی بھی دن حسبِ سہولت ولیمہ کرسکتے ہیں ، البتہ بہتر دوسرے دن کرنا ہے _

سوال (6) میں روزہ سے تھی _ مجھے نمازِ عصر کے بعد حیض (Menstruation) آگیا _ کیا میرا روزہ ختم ہوگیا؟ کیا میں اب کچھ کھا پی سکتی ہوں؟

جواب :حیض آنے سے روزہ ٹوٹ گیا _ اب آپ کو اس روزہ کی قضا کرنی ہوگی _ روزہ ٹوٹنے کے بعد آپ کھا پی سکتی ہیں _

سوال (7) میری اہلیہ قرآن مجید کی حافظہ ہیں _ میرے تین بچے ہیں ، ایک لڑکا ، دو لڑکیاں _ کیا میری اہلیہ تراویح کی امامت کرسکتی ہیں اور ہم ان کی اقتدا میں تراویح پڑھ سکتے ہیں؟

جواب :تراویح میں پورا قرآن سننا ضروری نہیں ہے _ آپ امامت کریں ، آپ کے پیچھے لڑکے کھڑے ہوں اور ان کے پیچھے آپ کی اہلیہ اور لڑکی _ جتنا بھی آپ کو قرآن یاد ہو ، تراویح میں پڑھیں _

سوال (8)کیا روزہ کی حالت میں بھپارہ (Steam) لیا جاسکتا ہے؟

جواب :بھپارہ لینے سے روزہ ٹوٹ جائے گا _ روزہ کی حالت میں اس سے اجتناب کرنا چاہیے _ اگر طبیعت خراب ہورہی ہو تو روزہ نہ رکھیں ، قاعدے سے علاج کریں ، بعد میں چھوٹے ہوئے کی روزے کی قضا کریں _

سوال (9)کیا روزہ کی حالت میں کووڈ ویکسین کا انجکشن لگوایا جاسکتا ہے؟

جواب :جی، کووڈ ویکسین لگوانے سے روزے پر اثر نہیں پڑتا _ روزے کی حالت میں لگوایا جاسکتا ہے _

سوال (10)میں روزہ سے ہوں  مجھے دوپہر سے بہت دست (Loose motion) آنے لگے ہیں _ بہت کم زوری ہوگئی ہے _ کیا میں بوتل چڑھواسکتا ہوں؟

جواب :روزہ کی حالت میں انجکشن لگوایا جاسکتا ہے اور بوتل چڑھوائی جاسکتی ہے _ دست سے بہت جلدی کم زوری آجاتی ہے ، اس لیے فوراً علاج کی فکر کرنی چاہیے _

سوال (11)میری لڑکی کووڈ کا شکار ہے ، روزہ نہیں رکھ پا رہی ہے ، اس کا فدیہ کیسے ادا کروں؟

جواب :اس کا فدیہ نہیں ، جب طبیعت ٹھیک ہوجائے تب قضا روزہ رکھنا ہوگا _ فدیہ اس صورت میں ہوتا ہے جب آئندہ کبھی صحت بحال ہونے کی امید نہ ہو _

سوال (12)کیا زکوٰۃ کی رقم جمع کرکے اس سے راشن کٹس تقسیم کرنا جائز ہے؟

جواب :زکوٰۃ چاہے نقد دیں ، یا کوئی چیز خرید کر ، دونوں کی گنجائش ہے _

سوال (13)میں نے کچھ پیسے شیئر مارکیٹ میں لگا رکھے ہیں _ کیا جو پیسے لگے ہوئے ہیں ان کی زکوٰۃ نکلے گی یا جو منافع ہو رہا ہے صرف اس کی زکوٰۃ نکالنی ہوگی ؟

جواب :پیسے اور منافع دونوں پر زکوٰۃ نکالنی ہوگی _

سوال (14)کیا ایک مسجد میں ایک نماز کی کئی جماعتیں ہوسکتی ہیں؟

جواب :عام حالات میں ایک مسجد میں ایک نماز کی کئی جماعتیں کرنا درست نہیں ہے _ البتہ لاک ڈاؤن کے زمانے میں اگر مسجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرنے کے حکومتی احکام ہوں تو کئی جماعتیں کرنے کی گنجائش ہوگی _

سوال (15)اگر روزے کے درمیان بد خوابی (احتلام) ہو جائے تو کیا روزہ ٹوٹ جائے گا؟

جواب : نہیں ، فوراً غسل کرلیں _

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

Back to top button
Close
Close