کشمیر

فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ’ ، جموں مسلم فیڈریشن یوتھ ونگ کے بینرتلے یک روزہ سیمینار

جموں (ہندوستان اردو ٹائمز) جموں مسلم فیڈریشن یوتھ ونگ نے ‘فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ’پر جموں میں یک روزہ سیمینار کا اہتمام یا جس میں سماج کے مختلف طبقہ جات، شعبہ ہائے جات اور مکتب فکر سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات، دانشوروں، وکلائ، جموں یونی ورسٹی ، کلسٹر یونیورسٹی اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبا اور اسکالروں نے شرکت کی۔ موصولہ پریس بیان کے مطابق مقررین نے اِس موقع پر سرمائی راجدھانی جموں بالخصوص اور یوٹی جموں وکشمیر میں بالعموم فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ضرورت پرزور دیا۔

انہوں نے کہاکہ جموں امن کا شہر تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ چند امن دشمن عناصر نے یہاں وقتاًفوقتاً حالات خراب کرنے کی کوشش کی مگر جموں کے باشعور، باغیور اور دانشمندانہ سوچ رکھنے والے لوگوں نے کبھی بھی ایسی طاقتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ مقررین نے نوجوانوں اور طلبا پر زور دیاکہ وہ ایکدوسرے کے مذاہب سے متعلق اپنی معلومات ، فہم وفراصت میں اضافہ کریں، یونیورسٹی، کالجوں اور اسکولوں میں بین مذاہب مباحثوں، سیمینار، کانفرنسوں اور میٹنگوں کا اہتمام کر کے آپسی دلوں کی میل کو دور کریں، ایکدوسرے کو سمجھیں، ایکدوسرے کے عقائد، جذبات، خیالات ونظریات کا احترام کریں۔ انسانیت کے رشتہ کو سب سے زیادہ اہمیت دیں ۔ہمیشہ امن قائم کرنے والوں کی صفحوں میں شامل رہیں۔ مثبت اور تعمیری سوچ کو اپنے اندرپیدا کریں۔

انہوں نے کہاکہ جموںایک Cosmopolitan cityہے جہاں پر ہرمذاہب، عقائد، ذات برادری اور جموں وکشمیر یوٹی کے اطراف واکناف سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔ انہوںنے نوجوانوں سے کہاکہ وہ امن ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے سفیر بنیں۔انہوں نے کہاکہ ہر مذہب انسانیت، بھائی چارہ، رواداری کا درس دیتا ہے، ہم جو اپنے مذہب پر مرمٹنے کی باتیں کرتے ہیں، ہمیں سب سے پہلے اپنے مذہب کا صحیح مطالعہ کرنا چاہئے تاکہ اِس کی صحیح سمجھ ہو۔ مقررین میں مسلم فیڈریشن صدر حاجی عبدلمجید، جموں وکشمیر کلچرل اکادمی میں شعبہ گوجری کے مدیر ڈاکٹر شاہ نواز چودھری، جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے خزانچی ایڈووکیٹ امن سنگھ، ہائی کورٹ وکیل ، کالم نویس اور گلوبل پیس آرگنائزیشن کے سیکریٹری ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ، ایڈووکیٹ شمس الدین شاز، سماجی کارکن اور لاءاسٹوڈنٹ پریات شرما، سماجی کارکن اور قانون کا طالبعلم راگہوسینی قابل ِ ذکر تھے۔

مسلم فیڈریشن یوتھ ونگ کے لیڈر اور قانون کے طالبعلم احتشام الحق جوکہ آرگنائزر بھی تھے، نے قانون کے طالبعلم نعیم چودھری سے مل کر نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر بھٹنڈی کی معزز شخصیت چوہدری جماعت علی، ریٹائرڈ انجینئرشید احمد فانی، ریٹائرڈ ایس ایس پی، امام مکہ مسجد بٹھنڈی اور مسلم فیڈریشن کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button