فقہ و فتاوی

فتاویٰ رمضان : فتاویٰ نمبر 76 سے 90 تک ، رمضان المبارک کے اہم فتوے

فتاویٰ رمضان 1443ھ(6)

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

سوال(76)
میرے پاس بینک میں ایک سال سے پیسے رکھے ہوئے تھے ، لیکن جس کام کے لیے رکھے تھے وہ ابھی دو مہینے پہلے شروع ہو سکا ہے _ کیا مجھے باقی پیسوں پر زکوٰۃ دینی ہوگی؟
جواب :
کوئی پیسہ کسی بھی کام کے لیے رکھا ہو ، اگر وہ ایک برس تک استعمال نہیں ہو اور رکھا رہا ہو تو اس پر زکوٰۃ واجب ہوگی _ مذکورہ کام میں جتنے پیسے خرچ ہوئے اس کے سوا جو باقی بچے ہیں ان پر زکوٰۃ ہوگی _

سوال(77)
ہم عمرہ کرنے جا رہے ہیں _ احرام نہیں پہن سکے _ وہ لَگیج میں چلا گیا _احرام میں پہننے کے لیے دوسرا کپڑا میسّر نہیں _ اب کیا کریں؟
جواب :
منزل پر پہنچ کر احرام اپنے ساتھ لیں _ دوبارہ میقات پر جائیں _ حرم سے قریب ترین میقات مسجد عائشہ ہے _ وہاں سے احرام باندھیں اور مسجد حرام میں آکر عمرہ کریں _

سوال (78)
ساس بیمار ہے _ اس کے گھر والے اس کا ٹھیک سے علاج نہیں کر پا رہے ہیں _ کیا بہو اس کے علاج کے لیے اپنی زکوٰۃ دے سکتی ہے؟
جواب :
بہو اپنی زکوٰۃ اپنی ساس پر خرچ کرسکتی ہے _

سوال (79)
میرے پاس دس تولہ سونے کے زیورات ہیں _ میں ان کی ہر سال زکوٰۃ نکالتی ہوں _ تین ماہ پہلے میں نے دو تولے کا زیور اور خریدا ہے _ کیا مجھے ابھی دس تولے کی ہی زکوٰۃ ادا کرنی ہے یا بارہ تولے کی؟
جواب :
زکوٰۃ نکالنے کی جو تاریخ مقرر کی ہو اس وقت جتنا مال ہے سب کی زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی ، چاہے کچھ مال پر ابھی سال پورا نہ ہوا ہو _ آپ کو بارہ تولہ کی زکوٰۃ ادا کرنی ہے _

سوال (80)
میں نے کچھ شیئرز لے رکھے ہیں _ کیا ان پر بھی زکوٰۃ ہے؟
جواب :
شیئرز کی جو مالیت ہو اس کو دوسرے اموال میں شامل کرکے کل کی زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی _
سوال (81)
ڈائمنڈ پر زکوٰۃ کس طرح نکالی جائے گی؟
جواب :
اگر کوئی ڈائمنڈ کی تجارت کرتا ہو تو مالِ تجارت کی حیثیت سے اس پر زکوٰۃ ہوگی _ استعمالی ڈائمنڈ پر زکوٰۃ نہیں _

سوال (82)
کاروبار میں چھ لاکھ روپے نفع نقصان کی بنیاد پر لگائے گئے _ اس سے جو نفع ہوتا رہا وہ ہر مہینے ملتا رہا ۔ اس رقم کی زکوٰۃ ادا کی جاتی رہی ۔ تقریباً ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوا کاروبار بند ہو چکا ہے ۔ طے شدہ معاہدہ کی رو سے کاروبار بند ہونے پر اصل رقم واپس ہونی چاہیے ، لیکن یہ کب واپس ہوگی؟ یقینی نہیں ہے ۔ کیا ایسی صورت میں زکوٰۃ کی ادائیگی ضروری ہے؟
جواب :
زکوٰۃ صرف منافع پر نہیں ، بلکہ اصل رقم پر بھی واجب ہوتی ہے _ کاروبار بند ہونے کے بعد آپ کی جو رقم دوسرے کے پاس ہے ، اس پر بھی آپ کو زکوٰۃ ادا کرنی ہے ، الا یہ کہ وہ ڈوب گئی ہو اور اس کے ملنے کی امید باقی نہ رہی ہو _

سوال (83)
کیا زکوٰۃ کی رقم سے افطار کروا سکتے ہیں؟
جواب :
افطار میں زکوٰۃ کا پیسہ خرچ کرنا جائز نہیں ہے _ الا یہ کہ کسی غریب آبادی میں اجتماعی افطار کا نظم کیا جارہا ہو تو اس میں زکوٰۃ کا پیسہ لگا سکتے ہیں _

سوال (84)
کچھ پیسہ شیرز میں لگا رکھا ہے _ کیا اس پر زکوٰۃ ہے؟ اگر ہاں تو جتنا پیسہ انوسٹ کیا تھا اس پر زکوٰۃ عائد ہوگی یا آج کی تاریخ میں اس کی جتنی ویلو ہے اس پر؟
جواب :
شیئرز پر زکوٰۃ ہے _ ان کی آج جتنی قیمت ہے اس پر ادا کرنی ہوگی _

سوال (85)
کیا بہن اپنے غریب بھائی کو زکوٰۃ دے سکتی ہے؟
جواب :
جس کی کفالت آدمی کے ذمے نہ ہو اسے زکوٰۃ دی جاسکتی ہے _ بہن اپنے بھائی کو زکوٰۃ دے سکتی ہے _
سوال (86)
میرے بھائی کی پھلوں اور سبزیوں کی دوکان ہے _ ماہانہ منافع ہوتا ہے _ گھر کے اخراجات کے بعد جو پیسے بچتے ہیں ان سے دکان کا مزید سامان خرید لیا جاتا ہے _ اس صورت میں زکوٰۃ کیسے نکالی جائے؟
جواب :
دوکان میں جتنا سامان ہو اس کی قیمت نکالی جائے ، اسے دوسری رقم اور مال میں شامل کیا جائے اور کل کا 2.5% زکوٰۃ نکالی جائے _

سوال (87)
کیا عاقل بالغ بیٹا ، جس کا کوئی ذریعۂ معاش نہ ہو ، اسے زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟ کیا ایسے بیٹے کی اولاد پر زکوٰۃ خرچ کی جا سکتی ہے؟
جواب :
اصول (یعنی باپ ، دادا ، پردادا) اور فروع (یعنی بیٹا، پوتا پرپوتا) کو زکوٰۃ نہیں دی جاسکتی _

سوال (88)
افطار کی صحیح دعا کیا ہے؟ بعض حضرات حدیث : اللھم لک صمت و علی رزقک افطرت کو ضعیف بتاتے ہیں _
جواب :
مذکورہ حدیث ابوداؤد (2358) میں آئی ہے ، لیکن ضعیف ہے _ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ افطار کے وقت یہ فرمایا کرتے تھے :
ذَهَبَ الظَّمَأُ، وَابْتَلَّتِ الْعُرُوقُ، وَثَبَتَ الْأَجْرُ إِنْ شَاءَ اللَّهُ ".(ابوداؤد : 2357)
(پیاس ختم ہوگئی ، رگیں تر ہوگئیں اور ان شاء اللہ اجر ضرور ملے گا _)

سوال (89)
فدیہ کی مختلف شکلیں کیا ہوسکتی ہیں ؟ کیا کھانا دینا بہتر ہے یا کٹ کی شکل میں اناج بھی دے سکتے ہیں ؟
جواب :
فدیہ ایک روزے کا دو وقت کا کھانا ہے _ اناج بھی دیا جاسکتا ہے اور نقد رقم بھی _

سوال (90)
عورت کے اعتکاف کے لئے کیا مسجد شرط ہے؟ کیا گھر پر اعتکاف کیا جاسکتا ہے؟
جواب :
اعتکاف کے لیے مسجد شرط ہے _ البتہ حنفی علماء عورت کو گھر میں اعتکاف کرنے کی اجازت دیتے ہیں _

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button