فتاویٰ رمضان المبارک : ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

سوال (1)
دمہ کے مرض میں انہیلر کے ذریعے دوا لینے سے روزہ ٹوٹ جائے گا یا نہیں؟
جواب :
روزہ میں انہیلر کے استعمال کو عام طور پر فقہاء نے ناجائز قرار دیا ہے ، اس لیے کہ اگرچہ دوا کے ذرات سیدھے پھیپھڑے میں جاتے ہیں ، لیکن اس کے کچھ ذرات غذائی نالی میں بھی جانے کا قوی احتمال رہتا ہے _ البتہ عالم عرب کے بعض فقہاء نے اسے جائز قرار دیا ہے _
بہر حال جہاں تک ہوسکے ، اس سے اجتناب کرنا چاہیے _ طبیعت بگڑ رہی ہو تو استعمال کرسکتے ہیں _
سوال (2)
میرے ایک بھائی نے دو سال پہلے ایک پلاٹ خریدا تھا _ اس وقت یہ ارادہ تھا کہ اگر کبھی ضرورت پڑے گی تو بیچ دیں گے ، ورنہ باقی رکھیں گے _ کیا اس پر زکاۃ ادا کرنی ہوگی؟
جواب :
کوئی شخص پلاٹ خریدتے وقت ہی تجارت کی نیت کرے تو اس کی حیثیت مالِ تجارت کی ہوجاتی ہے اور اس پر ہر سال زکوٰۃ عائد ہوگی _ بغیر تجارت کی نیت کے پلاٹ خرید لے کہ آئندہ دیکھیں گے ، موقع لگے گا تو فروخت کردیں گے ،اس صورت میں اس پر زکوٰۃ نہیں _
سوال(3)
غروب آفتاب کے بعد افطار کرنے میں بعض لوگ احتیاطاً 2 منٹ تاخیر کرتے ہیں ، بعض لوگ 5 منٹ ۔ کیا بہتر ہے؟
جواب :
ایک دو منٹ احتیاط کی جاسکتی ہے _ ویسے غروبِ آفتاب ہوتے ہی افطار کرنے کی اجازت ہے _
سوال (4)
کیا روزے میں وِکس بام سونگھ سکتے ہیں؟
جواب :
ناک کے اوپر یا اس کے اطراف میں وکس بام لگانا یا اسے سونگھنا جائز ہے _ اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا ۔
سوال (5)
میں امام صاحب کے ساتھ تراویح پڑھتا ہوں اور سحری سے قبل تہجد بھی پڑھتا ہوں _ امام صاحب کے ساتھ وتر پڑھوں یا نہ پڑھوں؟
جواب :
کوئی بھی صورت اختیار کرسکتے ہیں _ اگر امام صاحب کے ساتھ وتر پڑھ لیں تو بھی بعد میں تہجد پڑھ سکتے ہیں _ چاہیں تو امام صاحب کے ساتھ وتر نہ پڑھیں ، بعد میں تہجد کے بعد وتر پڑھیں _
سوال (6)
کام کی وجہ سے تراویح کی جماعت چھوٹ جائے تو کیا کروں؟
جواب :
سحری سے قبل جتنی توفیق ہو ، نفل پڑھ لیں _ اگر آٹھ رکعتیں پڑھ لیں تو سنّت پر عمل کا ثواب مل جائے گا _
سوال (7)
رمضان المبارک میں ہمارے اطراف کی مساجد میں عموماً تراویح کے بعد وتر کی نماز باجماعت ادا کی جاتی ہے _ اگر کسی شخص نے تراویح کے فوراً بعد نمازِ وتر ادا کر لی ہو تو کیا اس کو سحری میں اٹھنے کے بعد تہجد کے نوافل نہیں پڑھنے چاہیے ؟ کچھ حضرات کہتے ہیں کہ حدیث شریف کے مطابق وتر کے بعد کوئی نماز ادا نہیں کی جا سکتی _
جواب :
یہ بات درست ہے کہ اللہ کے رسولﷺ نے رات کی آخری نماز وتر کو بنانے کا حکم دیا ہے _ لیکن اگر کوئی شخص رمضان میں تراویح کے بعد وتر جماعت سے پڑھ لے تو بھی وہ سحری سے قبل حسبِ توفیق مزید نوافل (تہجد) پڑھ سکتا ہے _
سوال (8)
ہمارے محلے کی مسجد کے امام صاحب تراویح میں قرآن بہت تیز پڑھتے ہیں ، کچھ سمجھ میں نہیں آتا _ رکوع سجدہ بھی جلدی جلدی کرتے ہیں _ دوسرے نمازی کم وقت میں تراویح پڑھنا چاہتے ہیں ، اس لیے امام صاحب کو ان کی تائید حاصل ہے _ میرے گھر کے نزدیک صرف یہی ایک مسجد ہے _ میں کیا کروں؟
جواب :
یا تو اپنی پسند کی کسی دوسری مسجد میں تراویح پڑھیں ، یا گھر پر تنہا پڑھ لیں _
سوال (9)
تراویح کی کتنی رکعتیں پڑھنی چاہییں؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ 8 رکعتیں پڑھنی بہتر ہے ، کچھ 20 رکعتیں پڑھنی بہتر قرار دیتے ہیں _ میں بہت کنفیوژن میں ہوں _
جواب :
اس بحث میں نہ پڑیے _ جتنی توفیق ہو اتنی پڑھ لیجیے _
سوال(10)
میں نے اپنی لڑکی کے لیے سونے کے زیورات بنا کر اپنے پاس رکھ لیے ہیں _ وہ نصاب تک نہیں پہنچتے ہیں _ لیکن اگر انہیں اپنے زیورات کے ساتھ شامل کرلوں تو نصاب تک پہنچ جاتے ہیں _ کیا ان پر زکوٰۃ واجب ہوگی؟
جواب :
جو زیورات لڑکی کے لیے خریدے گئے ہیں ان کا مالک لڑکی کو بنادیں ، چاہے اپنے پاس ہی رکھیں _ اس صورت میں اگر وہ نصاب سے کم ہیں تو ان پر زکوٰۃ نہیں ہوگی _
سوال (11)
ہم طلبہ تنظیم کے کل وقتی ذمہ داران ہیں _ ہمیں رمضان میں مسلسل دورے کرنا پڑتے ہیں ۔ شریعت میں مسافر کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ روزے نہ رکھے ، بعد میں ان کی قضا کرلے _ ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ ایک طرف موسم کی شدت ، دوسری طرف اہم ذمہ داری؟
جواب :
بہتر ہے کہ رمضان میں سفر نہ کیا جائے _ ایک مہینہ آرام کیا جائے ، یا آن لائن کام کیا جائے _ عام لوگوں کے لیے تو سفر میں روزہ نہ رکھنے کی گنجائش ہوسکتی ہے ، لیکن تحریکی نوجوانوں کے لیے مناسب نہیں _
سوال (12)
چند دن پہلے میری ایک آنکھ کا آپریشن ہوا ہے – کیا روزہ کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈال سکتا ہوں؟
جواب :
روزہ کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا _ اگر حلق میں دوا کا اثر محسوس ہو تو اسے نگلا نہ جائے ، بلکہ تھوک دیا جائے _ بین الاقوامی فقہ اکیڈمی جدہ کے ایک اجلاس میں یہ قرار داد منظور کی گئی ہے _
سوال (13)
روزے کی حالت میں اسقاطِ حمل ہوگیا ہے _ روزے کا کیا حکم ہے؟
جواب :
اگر رحم سے خون آرہا ہو تو عورت روزہ نہ رکھے _
سوال (14)
کیا روزہ کی حالت میں سر میں تیل لگایا جا سکتا ہے؟
جواب :
جی ہاں ، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا _
سوال (15)
کیا ایک حافظ دو جگہ تراویح پڑھا سکتا ہے؟
جواب :
تراویح نفل ہے _ ایک حافظ دو جگہ تراویح پڑھا سکتا ہے _
سوال (16)
کیا حاملہ عورت روزہ نہ رکھ کر بعد میں اس کی قضا کرسکتی ہے؟
جواب :
حاملہ عورت کو اجازت ہے کہ وہ چاہے تو ابھی روزہ نہ رکھے اور بعد میں اس کی قضا کرے _
سوال (17)
کیا سجدے میں اردو میں دعا مانگ سکتے ہیں؟
جواب :
نہیں _ صرف نفل نماز میں سجدے میں عربی زبان میں دعا مانگی جا سکتی ہے _
سوال (18)
کیا روزہ کی حالت میں انسولین لے سکتے ہیں؟
جواب :
جی ہاں ، روزہ کی حالت میں انسولین کا انجکشن لگایا جا سکتا ہے _
سوال (19)
ہمارے والدین بڑھاپے کے سبب روزہ رہنے سے قاصر ہیں ۔ روزے کا کتنا فدیہ ادا کرنا ہو گا؟
جواب :
ایک روزے کا فدیہ دو وقت کے کھانے کی قیمت کے بقدر ہے _
سوال (20)
اگر کوئی شخص آخرِ شب پابندی سے تہجد پڑھتا ہو تو کیا اس کے لیے جماعت کے ساتھ تراویح پڑھنی بھی ضروری ہے؟
جواب :
نہیں _