فتاویٰ رمضان المبارک : رمضان المبارک کے 50 اہم مسائل اور ان کا حل

فتاویٰ رمضان 1443ھ (3)
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
سوال (1)
دمہ کے مرض میں انہیلر کے ذریعے دوا لینے سے روزہ ٹوٹ جائے گا یا نہیں؟
جواب :
روزہ میں انہیلر کے استعمال کو عام طور پر فقہاء نے ناجائز قرار دیا ہے ، اس لیے کہ اگرچہ دوا کے ذرات سیدھے پھیپھڑے میں جاتے ہیں ، لیکن اس کے کچھ ذرات غذائی نالی میں بھی جانے کا قوی احتمال رہتا ہے _ البتہ عالم عرب کے بعض فقہاء نے اسے جائز قرار دیا ہے _
بہر حال جہاں تک ہوسکے ، اس سے اجتناب کرنا چاہیے _ طبیعت بگڑ رہی ہو تو استعمال کرسکتے ہیں _
سوال (2)
میرے ایک بھائی نے دو سال پہلے ایک پلاٹ خریدا تھا _ اس وقت یہ ارادہ تھا کہ اگر کبھی ضرورت پڑے گی تو بیچ دیں گے ، ورنہ باقی رکھیں گے _ کیا اس پر زکاۃ ادا کرنی ہوگی؟
جواب :
کوئی شخص پلاٹ خریدتے وقت ہی تجارت کی نیت کرے تو اس کی حیثیت مالِ تجارت کی ہوجاتی ہے اور اس پر ہر سال زکوٰۃ عائد ہوگی _ بغیر تجارت کی نیت کے پلاٹ خرید لے کہ آئندہ دیکھیں گے ، موقع لگے گا تو فروخت کردیں گے ،اس صورت میں اس پر زکوٰۃ نہیں _
سوال(3)
غروب آفتاب کے بعد افطار کرنے میں بعض لوگ احتیاطاً 2 منٹ تاخیر کرتے ہیں ، بعض لوگ 5 منٹ ۔ کیا بہتر ہے؟
جواب :
ایک دو منٹ احتیاط کی جاسکتی ہے _ ویسے غروبِ آفتاب ہوتے ہی افطار کرنے کی اجازت ہے _
سوال (4)
کیا روزے میں وِکس بام سونگھ سکتے ہیں؟
جواب :
ناک کے اوپر یا اس کے اطراف میں وکس بام لگانا یا اسے سونگھنا جائز ہے _ اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا ۔
سوال (5)
میں امام صاحب کے ساتھ تراویح پڑھتا ہوں اور سحری سے قبل تہجد بھی پڑھتا ہوں _ امام صاحب کے ساتھ وتر پڑھوں یا نہ پڑھوں؟
جواب :
کوئی بھی صورت اختیار کرسکتے ہیں _ اگر امام صاحب کے ساتھ وتر پڑھ لیں تو بھی بعد میں تہجد پڑھ سکتے ہیں _ چاہیں تو امام صاحب کے ساتھ وتر نہ پڑھیں ، بعد میں تہجد کے بعد وتر پڑھیں _
سوال (6)
کام کی وجہ سے تراویح کی جماعت چھوٹ جائے تو کیا کروں؟
جواب :
سحری سے قبل جتنی توفیق ہو ، نفل پڑھ لیں _ اگر آٹھ رکعتیں پڑھ لیں تو سنّت پر عمل کا ثواب مل جائے گا _
سوال (7)
رمضان المبارک میں ہمارے اطراف کی مساجد میں عموماً تراویح کے بعد وتر کی نماز باجماعت ادا کی جاتی ہے _ اگر کسی شخص نے تراویح کے فوراً بعد نمازِ وتر ادا کر لی ہو تو کیا اس کو سحری میں اٹھنے کے بعد تہجد کے نوافل نہیں پڑھنے چاہیے ؟ کچھ حضرات کہتے ہیں کہ حدیث شریف کے مطابق وتر کے بعد کوئی نماز ادا نہیں کی جا سکتی _
جواب :
یہ بات درست ہے کہ اللہ کے رسولﷺ نے رات کی آخری نماز وتر کو بنانے کا حکم دیا ہے _ لیکن اگر کوئی شخص رمضان میں تراویح کے بعد وتر جماعت سے پڑھ لے تو بھی وہ سحری سے قبل حسبِ توفیق مزید نوافل (تہجد) پڑھ سکتا ہے _
سوال (8)
ہمارے محلے کی مسجد کے امام صاحب تراویح میں قرآن بہت تیز پڑھتے ہیں ، کچھ سمجھ میں نہیں آتا _ رکوع سجدہ بھی جلدی جلدی کرتے ہیں _ دوسرے نمازی کم وقت میں تراویح پڑھنا چاہتے ہیں ، اس لیے امام صاحب کو ان کی تائید حاصل ہے _ میرے گھر کے نزدیک صرف یہی ایک مسجد ہے _ میں کیا کروں؟
جواب :
یا تو اپنی پسند کی کسی دوسری مسجد میں تراویح پڑھیں ، یا گھر پر تنہا پڑھ لیں _
سوال (9)
تراویح کی کتنی رکعتیں پڑھنی چاہییں؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ 8 رکعتیں پڑھنی بہتر ہے ، کچھ 20 رکعتیں پڑھنی بہتر قرار دیتے ہیں _ میں بہت کنفیوژن میں ہوں _
جواب :
اس بحث میں نہ پڑیے _ جتنی توفیق ہو اتنی پڑھ لیجیے _
سوال(10)
میں نے اپنی لڑکی کے لیے سونے کے زیورات بنا کر اپنے پاس رکھ لیے ہیں _ وہ نصاب تک نہیں پہنچتے ہیں _ لیکن اگر انہیں اپنے زیورات کے ساتھ شامل کرلوں تو نصاب تک پہنچ جاتے ہیں _ کیا ان پر زکوٰۃ واجب ہوگی؟
جواب :
جو زیورات لڑکی کے لیے خریدے گئے ہیں ان کا مالک لڑکی کو بنادیں ، چاہے اپنے پاس ہی رکھیں _ اس صورت میں اگر وہ نصاب سے کم ہیں تو ان پر زکوٰۃ نہیں ہوگی _
سوال (11)
ہم طلبہ تنظیم کے کل وقتی ذمہ داران ہیں _ ہمیں رمضان میں مسلسل دورے کرنا پڑتے ہیں ۔ شریعت میں مسافر کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ روزے نہ رکھے ، بعد میں ان کی قضا کرلے _ ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ ایک طرف موسم کی شدت ، دوسری طرف اہم ذمہ داری؟
جواب :
بہتر ہے کہ رمضان میں سفر نہ کیا جائے _ ایک مہینہ آرام کیا جائے ، یا آن لائن کام کیا جائے _ عام لوگوں کے لیے تو سفر میں روزہ نہ رکھنے کی گنجائش ہوسکتی ہے ، لیکن تحریکی نوجوانوں کے لیے مناسب نہیں _
سوال (12)
چند دن پہلے میری ایک آنکھ کا آپریشن ہوا ہے – کیا روزہ کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈال سکتا ہوں؟
جواب :
روزہ کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا _ اگر حلق میں دوا کا اثر محسوس ہو تو اسے نگلا نہ جائے ، بلکہ تھوک دیا جائے _ بین الاقوامی فقہ اکیڈمی جدہ کے ایک اجلاس میں یہ قرار داد منظور کی گئی ہے _
سوال (13)
روزے کی حالت میں اسقاطِ حمل ہوگیا ہے _ روزے کا کیا حکم ہے؟
جواب :
اگر رحم سے خون آرہا ہو تو عورت روزہ نہ رکھے _
سوال (14)
کیا روزہ کی حالت میں سر میں تیل لگایا جا سکتا ہے؟
جواب :
جی ہاں ، اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا _
سوال (15)
کیا ایک حافظ دو جگہ تراویح پڑھا سکتا ہے؟
جواب :
تراویح نفل ہے _ ایک حافظ دو جگہ تراویح پڑھا سکتا ہے _
سوال (16)
کیا حاملہ عورت روزہ نہ رکھ کر بعد میں اس کی قضا کرسکتی ہے؟
جواب :
حاملہ عورت کو اجازت ہے کہ وہ چاہے تو ابھی روزہ نہ رکھے اور بعد میں اس کی قضا کرے _
سوال (17)
کیا سجدے میں اردو میں دعا مانگ سکتے ہیں؟
جواب :
نہیں _ صرف نفل نماز میں سجدے میں عربی زبان میں دعا مانگی جا سکتی ہے _
سوال (18)
کیا روزہ کی حالت میں انسولین لے سکتے ہیں؟
جواب :
جی ہاں ، روزہ کی حالت میں انسولین کا انجکشن لگایا جا سکتا ہے _
سوال (19)
ہمارے والدین بڑھاپے کے سبب روزہ رہنے سے قاصر ہیں ۔ روزے کا کتنا فدیہ ادا کرنا ہو گا؟
جواب :
ایک روزے کا فدیہ دو وقت کے کھانے کی قیمت کے بقدر ہے _
سوال (20)
اگر کوئی شخص آخرِ شب پابندی سے تہجد پڑھتا ہو تو کیا اس کے لیے جماعت کے ساتھ تراویح پڑھنی بھی ضروری ہے؟
جواب :
نہیں _
سوال (21)
بچوں کے بورڈ کے امتحانات چل رہے ہیں _ بعض بچوں کو شکایت ہے کہ بھوک میں ٹھیک سے پڑھائی نہیں ہوپاتی اور امتحان ہال میں یکسوئی سے لکھا نہیں جاتا _ ایسی صورت میں کیا بچے روزہ چھوڑ سکتے ہیں کہ بعد میں قضا کرلیں ؟
جواب :
امتحان کی وجہ سے روزہ چھوڑنے کا عمومی فتویٰ نہیں دیا جاسکتا – ہاں کسی بچے کے لیے ناقابل برداشت ہو تو وہ چھوڑ کر بعد میں قضا کرسکتا ہے _
سوال (22)
اگر کسی نے زکوٰۃ کے پیسے نکال کر الگ رکھے ہوں اور وہ چوری ہوجائیں تو اس کا گناہ کس پر ہے؟
جواب :
چوری کرنے والے پر اور اگر آدمی نے دوسرے پیسوں سے زکوٰۃ نہیں نکالی تو اس پر بھی _
سوال (23)
کیا روزہ میں ٹوتھ پیسٹ کیا جاسکتا ہے؟
جواب :
مسواک کرنا بہتر ہے _ ٹوتھ پیسٹ بھی کرسکتے ہیں _ چوں کہ اس میں کچھ ٹیسٹ ہوتا ہے اس لیے فقہا نے اسے مکروہ کہا ہے _
سوال (24)
ایک خاتون رات کو ہی پاک ہو گئی ، لیکن اس نے غسل نہیں کیا _ کیا وہ صبح روزہ رکھ سکتی ہے ؟
جواب :
جی ہاں ، سحری کھالے ، بعد میں جلد از جلد غسل کرلے _
سوال (25)
روزے کا فدیہ اگر اس سال کسی وجہ سے نہ ادا کرسکے یا ادا کرنا بھول گئے تو کیا اگلے سال اس کو ادا کر سکتے ہیں؟
جواب :
جی ہاں ، اگلے سال یا جب بھی یاد آجائے یا سہولت ہو ، فدیہ ادا کیا جاسکتا ہے _
سوال (26)
ایک بزرگ روزہ نہیں رکھ پارہے ہیں ، لیکن وہ کہتے ہیں کہ وہ اعتکاف کریں گے _ کیا بغیر روزہ کے اعتکاف کیا جاسکتا ہے؟
جواب :
اعتکاف کے لیے روزہ شرط ہے _ جو شخص روزہ نہ رکھ سکے اسے اعتکاف کرنے کی ضرورت نہیں _
سوال (27)
سحر کے وقت بیدار ہونے کے بعد کیے ہوئے وضو سے کیا فجر کی نماز پڑھ سکتے ہیں؟
جواب :
جب تک وضو باقی ہے اس سے نماز پڑھی جا سکتی ہے _
سوال (28)
ہمارے خالو نے پچھلے رمضان میں زکوٰۃ ادا کی تھی _ عید الاضحٰی کے بعد ان کا انتقال ہوگیا _ کیا اب اس مال میں سے رمضان میں زكوۃ نکالی جائے گی یا اس وقت جب خالو کے انتقال کو ایک سال پورا ہوجائے گا ؟
جواب :
مال پر ایک برس گزرنا چاہیے _ انتقال کو نہیں _
سوال(29)
ایک شخص کی نکسیر پھوٹ گئی اور خون حلق کے اندر چلا گیا ، جب کہ وہ روزے سے تھا _ اس کا روزہ باقی ہے یا ٹوٹ گیا؟
جواب :
اگر خون حلق سے نیچے نہیں گیا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا _ اگر حلق سے نیچے چلا گیا تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور قضا لازم ہوگی _
سوال(30)
امام صاحب رات میں جنبی (ناپاک) ہوگئے _اب اگر کوئی نماز پڑھانے والا نہ ہو تو کیا وہ حالتِ جنابت میں نماز پڑھا سکتے ہیں؟
جواب :
حالتِ جنابت میں نماز پڑھی جاسکتی ہے نہ پڑھائی جاسکتی ہے _ جو شخص خود نماز پڑھ سکتا ہے وہ پڑھا بھی سکتا ہے _ کسی دوسرے شخص کو نماز پڑھانی چاہیے _
سوال (31)
میری عمر 75 برس ہے _ مجھے ریاح کا مرض ہے _ تھوڑی تھوڑی دیر پر ریاح خارج ہوتی رہتی ہے _ میں کیا کروں؟
جواب :
ہر نماز کا وقت شروع ہونے پر نیا وضو کرلیں _ اس کے بعد جتنی چاہیں نمازیں پڑھیں یا قرآن کی تلاوت کریں _ مثلاً ظہر کے وقت وضو کریں _ نماز پڑھیں ، قرآن کی تلاوت کریں _ عصر کا وقت شروع ہو تو پھر وضو کرلیں _
سوال (32)
اگر غریبوں کے لیے کوئی اسپتال قائم کیا گیا ہو تو کیا اس میں زکوۃ کی رقم خرچ کی جا سکتی ہے ؟
جواب :
صرف غریب لوگوں کے لیے اسپتال تعمیر کیا جائے تو اس میں زکوٰۃ کی رقم خرچ کی جاسکتی ہے _
سوال(33)
زکوٰۃ کا اجتماعی نظم چلایا جا رہا ہے _ کیا یہ ضروری ہے کہ ایک سال جمع کی ہوئی زکوٰۃ کی رقم اگلے برس سے قبل خرچ کردی جائے؟
جواب :
جان بوجھ کر زکوٰۃ کی رقم روک کر رکھنا درست نہیں _ جلد خرچ کرنی چاہیے – لیکن اگر کچھ بچ رہے اور ایک سال کے اندر خرچ نہ ہوسکے تو اگلے سال خرچ کردی جائے _
سوال (34)
کیا روزہ کی حالت میں ویکسین کا انجکشن لگوا سکتے ہیں؟
جواب :
جی ہاں ، لگواسکتے ہیں _
سوال (35)
کیا روزہ کی حالت میں خون دے سکتے ہیں؟
جواب :
جی ہاں ، دے سکتے ہیں _
سوال (36)
روزہ کا کتنا فدیہ ہے؟
جواب :
روزہ کا فدیہ صدقہ فطر کے برابر ہے ، یا دو وقت کے کھانے کے برابر –
سوال (37)
کیا روزہ میں خون ٹیسٹ کے لیے خون دیا جاسکتا ہے؟
جواب :
جی ہاں ، دیا جاسکتا ہے _
سوال (38)
کیا روزہ کی حالت میں کسی کو خون دیا جاسکتا ہے؟
جواب :
جی ہاں ، دیا جاسکتا ہے _ اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا _ لیکن ڈاکٹر کہتے ہیں کہ خالی پیٹ خون نہیں دینا چاہیے _ اس لیے اگر روزہ کی حالت میں خون دینا بہت ضروری ہو تو آدمی روزہ توڑ دے اور بعد میں اس کی قضا کرلے _
سوال (39)
کیا نماز سے باہر صرف سجدہ کرکے اس میں دعا مانگ سکتے ہیں؟
جواب :
نماز سے باہر صرف سجدہ کرنا اور اس میں اللہ سے دعا کرنا اللہ کے رسول ﷺ سے ثابت نہیں ہے ، اس لیے فقہاء نے ایسا کرنے کو مکروہ کہا ہے _
سوال (40)
کیا انٹرسٹ کا پیسہ کسی غریب کو دے سکتے ہیں؟
جواب :
انٹرسٹ کا پیسہ اپنے کسی کام میں نہیں استعمال کرنا چاہیے _ کسی غریب کو دے سکتے ہیں _
سوال (41)
بنک میں رکھی ہوئی رقم پر جو سود کے پیسے ملتے ہیں ، کیا اسے کسی عام ضرورت مند کو دیا جا سکتا ہے ؟
جواب :
جی ہاں ، اسے اپنے استعمال میں نہیں لانا چاہیے ، کسی بھی غریب اور ضرورت مند کو دیا جاسکتا ہے؟
سوال (42)
ایک خاتون کی طبیعت روزہ کی حالت میں بہت خراب ہو گئی – انہیں سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی _ انہیں پانی پلایا گیا اور دواخانہ لے جایا گیا _ کیا انہیں کفارہ ادا کرنا ہوگا؟
جواب :
ان پر کفّارہ نہیں عائد ہوگا ، قضا کافی ہے_
سوال (43)
بعض اوقات عشاء کی نماز میں مسجد دیر سے پہنچنے پر جماعت چھوٹ جاتی ہے اور تراویح کی نماز شروع ہوجاتی ہے _ اس صورت میں عشاء کی نیت سے تراویح میں شامل ہوکر عشاء مکمل کرنا درست ہے ، یا عشاء کی نماز الگ سے ادا کرنی ہوگی؟
جواب :
اولاً وقت سے پہلے مسجد پہنچنا چاہیے _ عشاء فرض ہے ، تراویح نفل ہے _ فرض کی جماعت چھوڑ دی جائے اور نفل باجماعت پڑھی جائے ، یہ بے وقوفی ہے _ اگر عشاء چھوٹ جائے تو پہلے اسے ادا کیا جائے ، بعد میں تراویح میں شامل ہوا جائے _
سوال (44)
کیا کسی مستحق کو زکوۃ کی رقم میں سے کھانے کی اشیاء وغیرہ خرید کر دی جا سکتی ہیں؟
جواب :
جی ہاں ، دے سکتے ہیں _
سوال (45)
پہننے کے زیورات پر زکوٰۃ کس حساب سے ادا کی جاے گی؟ جو زیور گھر پر ہوتا ہے اس کو اگر بیچا جائے تو کم قیمت لگائی جاتی ہے _ کچھ وزن میں بناوٹ کے وقت شامل کی گئی اشیاء کو کاٹ کر خریدتے ہیں _ اس صورت میں زکوۃ کس قیمت پر ادا کی جائے ؟
جواب:
زیور کی اس وقت مارکیٹ میں جو قیمت ہے اس کا حساب کرکے زکوٰۃ نکالی جائے _
سوال (46)
کیا تراویح کی ہر دو رکعت کے لئے الگ الگ نیت کرنی چاہیے ، یا بیس رکعت کے لیے ایک ساتھ نیت کی جا سکتی ہے؟
جواب :
نیت ارادہ کا نام ہے ، نیت زبان سے ادا کرنا ضروری نہیں ہے _ آپ جب کھڑے ہوئے ہیں تو تراویح کے لیے کھڑے ہوئے ہیں ، یا ظہر کی نماز پڑھنے کے لیے ، یہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے ، بس کافی ہے _
سوال (47)
ایک شخص کرایے کے گھر میں رہتا ہے _ اس نے نیا گھر خریدنے کے لیے بیس لاکھ اپنے بینک اکاؤنٹ میں جمع کیا ہے ۔ اتنی رقم میں گھر دست یاب نہیں ہے ۔ وہ اس میں اور جمع و اضافہ کر کے گھر خریدنا چاہ رہا ہے _ کیا جمع شدہ رقم پر زکوٰۃ عائد ہوگی ؟
جواب :
وہ مذکورہ رقم پر ایک برس پورا ہونے سے پہلے گھر خرید لے تو اس پر زکوٰۃ نہیں عائد ہوگی _ اگر رقم ایک برس تک رکھی رہے تو اس پر زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی _
سوال (48)
سیلری پر زکوٰۃ کیسے نکالیں؟
جواب :
سیلری میں سے جو پیسے سال بھر تک باقی رہیں ، ان پر زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی _ ایک سال سے پہلے خرچ ہوجائیں تو ان پر زکوٰۃ نہیں ہے _
سوال (49)
ملازمت پیشہ افراد اپنی زکوٰۃ کیسے نکالیں؟ ہر مہینے ان کے اکاؤنٹ میں مشاہرہ کے پیسے آتے رہتے ہیں اور خرچ ہوتے رہتے ہیں _
جواب :
وہ زکوٰۃ نکالنے کے لیے کوئی وقت طے کرلیں _ مثال کے طور پر طے کرلیں کہ پندرہ رمضان کو زکوٰۃ نکالیں گے _ اب دیکھیں کہ پندرہ رمضان کو ان کے اکاؤنٹ میں کتنے پیسے ہیں؟ مثال کے طور پر اکاؤنٹ میں پانچ لاکھ روہے ہیں – ان میں سے کچھ پیسے ایسے ہوں گے جن پر سال گزر گیا ہوگا ، کچھ پر ابھی سال نہیں گزرا ہوگا – انہیں سب کی زکوٰۃ نکالنی ہوگی ، بشرطے اکاؤنٹ میں پورے سال اتنے پیسے رہے ہوں جو زکوٰۃ کے نصاب کے برابر ہوں _
سوال (50)
میرے پاس رہائش کے لیے ایک مکان ہے _ اس کے علاوہ دو فلیٹ اور ہیں ، جن کے کرایے سے گھر کا خرچ چلتا ہے _ کیا حاصل ہونے والے کرایے پر بھی زکوٰۃ ادا کرنی ہوگی؟
جواب :
مکان یا فلیٹ پر زکوٰۃ نہیں ہے ، چاہے رہائش کے لیے ہو ، یا کرایے پر اٹھا ہوا ہو – کرایے سے جو پیسے حاصل ہوں اگر وہ ایک سال تک محفوظ رہیں تو ان پر زکوٰۃ عائد ہوگی _