فاطمیہ کوئزکے نتائج کا اعلان اور تقسیم انعامات

دیوبند، 2؍ جنوری (رضوان سلمانی) دیوبند کے نزدیکی گاوں تھیتکی میں فاطمیہ کوئز کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور شرکت کرنے والے طلبہ کو انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔مکتب امامیہ میں تقریب تقسیم انعامات کا آغاز بچوں نے ترانے سے کیا اس کے بعد کوئز کے آرگنائزر مولانا سید محمد سعید نے کوئز کے ممتحن اور مکتب کے افسر مدرس مولانا سید شکوہ حیدر سے نتائج کے اعلان کرنے کو کہا جس کے بعد انہوں نے مکتب کے طلبہ وطالبات کو ان کے محصلہ نمبروں سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد مولانا محمد عالم اور مولانا شکوہ حیدر کے ہاتھوں تمام شرکا کو عمومی انعام تقسیم کیا گیا۔
اس کے بعد نمبر مساوی ہونے کی وجہ سے پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن متعین کرنے کے لیے قرعہ اندازی کی گئی جس میں تیسرے مقام کے لئے سفینۃ النجات کا نام نکلا جس نے 100میں سے 59 نمبر حاصل کیے۔ دوسرے رتبے کے لیے مریم بتول کے نام کا قرعہ نکلا اور پہلی پوزیشن کے لئے علی محسن کا نام نکلا۔ ان دونوں نے 100 میں 100 نمبر حاصل کیے تھے۔ پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن لانے والے ان تینوں کو مدرسہ کے منیجر سید غضنفر علی نے ٹرافی اور توصیفی اسناد سے نوازا۔یہ کوئز سالانہ مجالس فاطمیہ کے موقع پر جناب فاطمہ زہراؐ کی معرفت کے حوالے سے رکھی گئی تھی اور آج نتیجے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر سید حسن سعید، سید عابد سعید، محمد محلس، ابان اور واصل وغیرہ موجود رہے۔