غیراعلانیہ بجلی تخفیف سے ناراض لوگوں نے محکمہ بجلی کے دفتر پر تالہ بندی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا

دیوبند، 4؍ اگست (رضوان سلمانی) محکمہ بجلی کی جانب سے غیراعلانیہ بجلی تخفیف اور لو ولٹیج سے ناراض افراد نے محکمہ بجلی کے دفتر پر زبردست ہنگامہ آرائی کی ، ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے محکمہ بجلی کے ملازمین وہاں سے فرار ہوگئے اور دفتر پر پولیس فورس تعینات کی گئی ،پولیس نے لوگوں کو خاموش کرتے ہوئے بمشکل گھر واپس بھیجا ۔ گزشتہ دیر رات دیوبند کے محلہ نیو فولاد پورہ کے رہنے والے باشندوں نے سانپلہ روڑ پر واقع محکمہ بجلی کے دفتر پر تالہ لگاکر ہنگامہ آرائی کی ۔
اس دوران بجلی تخفیف سے ناراض مرد وخواتین اور بچوں کے ساتھ محکمہ کے خلاف دھرنے پر بیٹھ گئے ۔ تفصیل کے مطابق بجلی کے بلوں کے ساتھ مذکورہ محلے کے باشندے جمع ہوکر محکمہ بجلی کے دفتر پہنچے اور افسران پر سنگین الزامات عائد کئے، محلہ کے باشندوں کا الزام تھا کہ محکمہ کے افسران من مانے طریقہ سے وصولی کرتے ہیں لیکن بجلی کی سپلائی نہ کے برابر دی جارہی ہے ۔ ان کا الزام تھا کہ گزشتہ ایک سال سے ان کے محلہ میں 70.75وولٹ ہی دیئے جاتے ہیں جس سے نہ تو پنکھے چلتے ہیں اور نہ بلب جلتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقہ میں 400بجلی کے کنکشن ہیں لیکن صرف 100کیوی کا ٹرانسفارمر ہی رکھا ہوا ہے ، اس سے بجلی کی سپلائی صحیح طریقہ سے نہیں ہوپارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرانسفارمر ہٹاکر 250 کیوی کا ٹرانسفارمر نصب کیا جائے ۔
ان کا الزام تھا کہ وہ لوگ گزشتہ ایک سال سے غیراعلانیہ بجلی تخفیف سے پریشان ہیں ، مظاہرین نے بجلی کا بل دکھاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ وقت سے بل کی ادائیگی کرتے ہیں ان کے پاس من مانے طریقہ سے بجلی کے بل بھیجے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی نہ تو بجلی صحیح طریقہ سے ملتی ہے اور نہ ہی صحیح وولٹیج ملتے ہیں۔ ہنگامہ آرائی اور مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے بجلی گھر پر پولیس فورس تعینات کی گئی، دیر رات تک محلہ کے لوگوں کا ہنگامہ جاری رہا ، گھنٹوں ہنگامہ آرائی کرنے کے بعد بھی موقع پر محکمہ بجلی کا کوئی آفیسر نہیں پہنچا ، لوگوں کے غصہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ کے ملازمین موقع سے غائب ہوگئے ۔
ہنگامہ آرائی کررہے افراد محکمہ کے اعلیٰ افسران کو موقع پر بلانے کا مطالبہ کرتے رہے لیکن کوئی بھی آفیسر موقع پر نہیں پہنچا ۔ اس دوران بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی موجود رہے۔ انتظامیہ کے افسران نے کافی دیر بعد لوگوں کو سمجھا بجھاکر ٹھنڈا کیا اور انہیں ان کی پریشانیوں کا حل جلد سے جلد کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ جس کے بعد مظاہرین وہاں سے گھروں کو واپس ہوگئے۔ اس سلسلہ میں ایس ڈی او انل چورسیا نے بتایاکہ تقریباً 15روز قبل اس علاقہ میں ایک اور 100کے وی کا ٹرانسفارمر نصب کرنے کے لئے اسٹیمیٹ تیار کرکے دفتر بھیجا گیا ہے ۔اجازت ملتے ہی ٹرانسفارمر نصب کردیا جائے گا ۔