عید الاضحی کے موقع پر مرگ پور گاؤں میں شر پسند عناصر کے ذریعہ ماحول خراب کرنیکی کوشش کی گئی

دیوبند،12؍جولائی(رضوان سلمانی) عید الاضحی کے تہوار کے درمیان دیوبند کے قریبی گاؤں مرگ پور میں شر پسند عناصر کے ذریعہ ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی ۔شر پسند عناصر نے ایک مذہبی مقام کے نزدیک کوشت کے ٹکڑے پھینک دئیے اس واقعہ سے گاؤں کے باشندوں میں زبردست ناراضگی پیدا ہوگئی۔اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے گاؤں کے باشندوں کو ٹھنڈا کیا ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ اتوار کی رات تقریبا 9:30بجے کچھ گاؤں کے باشندوں نے بابا فقیرہ داس مندر کی سیڑیوں کے نزدیک کوشت کے ٹکڑے پڑے ہوئے دیکھے یہ خبر پورے گاؤں میں پھیل گئی اور لوگوں کا مجمع موقع پر جمع ہوگیا ۔گاؤں کے باشندوں کے مطابق موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے اس واقعہ کو انجام دیا اور فرار ہوگئے۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار اور شیو رام کرن پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور ناراض افراد کو دو روز کے اندر کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے ٹھنڈا کیا ۔
پولیس نے کوشت کے ٹکڑوں کو اپنے قبضہ میں لیتے ہوئے صفائی کرائی ۔انتر راشٹریہ کسان یونین کے قومی صدر چودھری وریندر سنگھ گوجر نے کہا کہ ایسے لوگوں کے ذریعہ ایسا کام کرنا ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا ہے وہیں بجرنگ دل کے ریاستی کنوینر وکاس تیاگی بھی موقع پر پہنچے اور افسران سے اس واقعہ کا جلد سے جلد پردہ فاش کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس سلسلہ سی او رام کرن کا کہنا ہے کہ پولیس اس معاملہ کی تحقیق کررہی ہے آس پاس کے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھے جارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ علاقہ کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے شر پسند عناصر کو کسی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا ۔ادھر گاؤں میں منادی کرائی گئی کہ گاؤں میں دوسرے طبقہ کے کسی افراد کو گاؤں میں گھسنے نہیں دیا جائے گا ۔گاؤ ں کے باشندو ںکا کہنا ہے کہ انتظامیہ اس معاملہ میں لیپا پوتی کررہی ہے ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر جلد ہی ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا تو بدھ کے روز گاؤں میں ایک مہا پنچایت کی جائے گی۔گاؤں کے باشندوں کے انتباہ کے بعد انتظامیہ مستعد ہوگیا ہے ۔