دیوبند

عید الاضحی پر امن ماحول میں کا اختتام پذیر ہونے پر لوگوں نے انتظامیہ کو مبارکباد دی

دیوبند،13؍جولائی(رضوان سلمانی) 10؍جولائی سے 12؍جولائی تک عید الاضحی کا تہوار گذشتہ شام پر امن طریقہ سے اختتام پذیو ہوگیا۔ضلع اور مقامی انتظامیہ نے عید الاضحی سے قبل جس مستعدی کا مظاہرہ کیا اور اعلیٰ افسران نے دیوبند پہنچ کر مقامی انتظامیہ کے تعاون سے جو شاندار انتظامات کئے۔میٹنگیں منعقد کرکے عید گاہ کمیٹی ،مرکزی جامع مسجد،مدارس کی انتظامیہ اور معززین شہر کے تعاون کے ساتھ یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ گنگا جمنی تہذیب کے شہر دیوبند میں جس طرح سیکڑوں سالوں سے آپسی بھائی چارے کی فضا قائم ہے اسی کو بر قرار رکھتے ہوئے اس سال بھی عید الاضحی کا تہوار منایا جائے گا۔

اعلیٰ افسران اور ضلع انتظامیہ نے جس طریقہ سے عید گاہ،مرکزی جامع مسجد،مسجد رشید اور دیگر مساجد کے علاوہ شہر کے مخصوص مقامات پر پولیس فورس تعینات رکھی اور شر پسند عناصر پر سخت نگاہ رکھی گئی جس کے باعث عید الاضحی کے تینوں دن پر امن طریقہ سے گذر گئے ۔اس شاندار کا رگذاری اور مستعدی کے لئے پولیس کپتان ڈاکٹر وپن ٹاڈا، ایس پی دیہات سورج رائے،ضلع مجسٹریٹ اکھیلیش سنگھ،ایس ڈی ایم دیوبند دیپک کمار،سی او کرن سنگھ ،کوتوالی انچارج پربھاکر کینتورا ،میونسپل بورڈ کے چیئرمین ضیاؤ الدین انصاری،ای او ڈی کے رائے اور صفائی عملہ قابل مبارکباد ہیں۔اس شاندار نظم کے لئے عید گاہ کمیٹی دیوبند کے سکریٹری محمد انس صدیقی ،جامع مسجد کے متولی حافظ انور عثمانی،مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی اور معزز شخصیات نے ضلع انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ نیز اعلیٰ افسران کی کوششوں اور پر امن طریقہ سے تہوار منانے ک لئے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ہے

اسی کے ساتھ ساتھ دیوبند کے تعلیمی اداروں عید گاہ ومساجد کی انتظامیہ نے عید الاضحی کے موقع پر میونسپل بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے صفائی کے انتظامات کی بھی ستائش کی ہے ۔اور ساتھ ہی عید الاضحی کا تہوار منانے والوں خاص طور پر قربانی کرنے والوں کی جانب سے گائڈ لائن پر عمل کرنے اور اپنے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنائے رکھنے کے لئے بھی مبارکباد دی ہے ۔اس کے علاوہ لوگوں نے صوبائی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بذات خود عید قربانی کے لئے گائڈ لائن جاری کرتے ہوئے تہوار کو حسب سابق منائے جانے کا اعلان کیا تھا اور انتظامیہ کو سخت ہدایت دی تھی کہ عید الاضحی کے موقع پر کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button