عم رسولؐ حضرت امیر حمزہ رضی اللہ عنہ کی یاد میں منقبتی نشست کا انعقاد
خدا کے شیر ہیں شیر شہ ابرار ہیں حمزہ ٭ مجاہد، صف شکن، صفدر، نڈر،خوددار ہیں حمزہ

دیوبند، 19؍ مئی (رضوان سلمانی) ’’یوم شھادت امیر حمزہ‘‘کی مناسبت سے مدرسہ عثمانیہ منگلور میں ایک منقبتی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں شہدائے احد خصوصاً حضرت امیر حمزہ رضی اللہ عنہ کے عزائم، کارناموں اور قربانیوں کو یاد کیا گیا اور شعری پیرائے میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔محفل کا آغاز قاری ثاقب دُہیلی کی تلاوت اور قاری انعام مرغوب پوری کی نعت پاک سے ہوا۔محفل کی صدارت پیر میاں عبدالسمیع منگلوری نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا رئیس احمد عرشی کلیری نے انجام دئیے اور مہمان خصوصی کے طور پر مولانا آفتاب اظہر صدیقی کشنگنجوی شریک ہوئے۔مشاعرہ سے پہلے مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کی سیرت وکردار اور ان کے فضائل ومناقب پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا تھے جو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے صرف دو سال بڑے تھے، جب مسلمانوں پر کفار کے مظالم حد سے بڑھ گئے اور لڑائیوں کا سلسلہ شروع ہواتو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سب سے پہلے اسلامی لشکر کی کمان حضرت حمزہ کو سونپی تھی۔ انہو ںنے کہا کہ پھر باقی لڑائیوں میں بھی پیش پیش رہے اور اپنی بہادری کے جوہر دکھائے ،آخر جنگ احد میں شہید کے اعلیٰ مقام پر فائز ہوئے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں سیدالشہداء اور شیر خدا وشیر مصطفی جیسے القاب سے نوازا۔ محفل میں پڑھے گئے چند اشعار پیش خدمت ہیں۔
خدا کے شیر ہیں شیر شہ ابرار ہیں حمزہ ٭ مجاہد، صف شکن، صفدر، نڈر،خوددار ہیں حمزہ عرشی کلیری
نہ کیوں ہو لب پہ فضیلت امیر حمزہ کی ٭ بہت بلند ہے سیرت امیر حمزہ کی آفتاب اظہر
تجھ پہ قربان مری جان امیر حمزہ ٭ تو شہیدوں کا ہیسلطان امیر حمزہ اسجد رانا دیوبندی
تیری جرات سے ہوا دین محمد غالب ٭ کیا ہی اعلی ہے تری شان امیر حمزہ ارشد فاروقی منگلور
جب بھی مانگی ہے دعا تیرا وسیلہ دیکر ٭ مشکلیں ہوگئیں آسان امیر حمزہ شمیم قریشی منگلور
اہل ایماں کو ہے کچھ یوں بھی عقیدت تم سے ٭ تم ہو آقا کے چچا جان امیر حمزہ ڈاکٹر سہراب منگلوری
نبی کے شیر دلاور امیر حمزہ ہیں ٭ خلوص وعزم کا پیکر امیر حمزہ ہیں افروز ٹانڈوی
ابوجہل سے لیا انتقام خود جاکر٭ بہادروں میں دلاور امیر حمزہ ہیں رضوان عباسی منگلور
بس اس سے بڑھ کے کہوں کیا میں شان میں ان کی٭ ثنا کے اور فلک پر امیر حمزہ ہیں فلک مرغوب پوری
چچا نبی کے شہید اعظم امیر حمزہ امیر حمزہ ٭ احد میں لڑتے رہے جو پیہم امیر حمزہ امیر حمزہ قمر منگلوری
مشاعرہ دیر رات تک چلتا رہا، شعراء کے علاوہ علماء کرام، ائمہ مساجد اور شہر کی معزز شخصیات موجود رہیں۔جن میں مولانا عبدالستار ہاشمی صدر ائمہ مساجد منگلور، مولانا توقیر پیرپورہ، مولانا عدنان بجھولی، مہتاب اکبر پوری، قاری عارف خان منگلوری،محبوب نگر پالیکا ممبر، شاہ وقارچشتی۔ماسٹر جمیل ماسٹر عبدالمعبود کے نام قابل ذکر ہیں۔پیر میاں عبدالسمیع کی دعا پر محفل کا اختتام ہوا، آخر میں کنوینر مشاعرہ عرشی کلیری نے شرکاء مجلس کا شکریہ ادا کیا۔