عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب،نئے وزیر اعظم کا انتخاب پیر کو،نامزد وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد(ہندوستان اردو ٹائمز) متحدہ اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد نئے وزیر اعظم کا انتخاب کل (بروز پیر) کو ہوگا۔
"جیو نیوز "کے مطابق قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ نئے وزیر اعظم کا انتخاب کل (بروز پیر) کو ہوگا جبکہ انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی دوپہر 2 بجے جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ وزارت عظمیٰ کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 3 بجے تک مکمل کی جائے گی اور نئے وزیر اعظم کا انتخاب مورخہ 11 اپریل بروز پیر ہوگا۔بعدازاں ایاز صادق نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے- ایوان میں 174 ارکان نے عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا اور یوں عمران خان عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔
نامزد وزیر اعظم شہباز شریف
نامزد وزیر اعظم اور مسلم لیگ( ن )کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر پاکستان کو عظیم ملک بنانا چاہتے ہیں، مل کر مشاورت سے اس ملک کو چلائیں گے اور اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ اتحاد پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گا، اپنے قائد میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، تمام ساتھیوں نے جیلیں کاٹی ہیں، تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ہماری بہنوں ، بیٹیوں نے بھی جیلیں کاٹیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتے ہیں، ہم کسی سے نہ بدلہ لیں گے اور نہ ہی کسی کو بے قصور جیلوں میں بھجوائیں گے لیکن قانون اور انصاف اپنا راستہ لیں گے، کوئی اس میں مداخلت نہیں کرے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا، مل کر مشاورت سے اس ملک کو چلائیں گے اور اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔