ضلع سہارنپور سے بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوںگے : چودھری مظفر علی

دیوبند، 22؍ دسمبر (رضوان سلمانی) کانگریس کے سابق قومی صدر اور ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کی ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کے اترپردیش میں آمد کو لے کر آج سہارنپور میں واقع کانگریس دفتر پر ایک میٹنگ کا انعقاد کیاگیا جس میں یاترا کو لے کر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران کانگریس پارٹی کے ضلع صدر چودھری مظفر علی نے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ چودھری مظفر علی نے بتایا کہ بھارت جوڑو یاترا 3جنوری 2023کودہلی سے اترپردیش کے غازی آباد ضلع کے لونی میں داخل ہوگی ۔
انہوں نے بتایا کہ اترپردیش آمد پر یاترا کا زبردست استقبال کیا جائے گا جس میں شامل ہونے کے لئے ضلع سہارنپور سے ہزاروں کانگریس کارکنان اور عہدے داران یاترا میں شرکت کریں گے۔ چودھری مظفر علی نے یاترا کے روپ میں سہارنپور کمشنری علاقہ کے شاملی ضلع کو شامل کئے جانے کے لئے کانگریس ہائی کمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بھارت جوڑو یاترا لونی ،باغپت، بڑوت، کاندھلہ، کیرانہ سے ہوتے ہوئے ریاست ہریانہ میں داخل ہوگی ۔
انہو ں نے کہا کہ ضلع سہارنپور سے ہزاروں کارکنان پدیاتری یاترا میں شامل ہونے کے لئے 3جنوری کو لونی پہنچیں گے۔ انہو ںنے یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع کے سبھی عہدے داران کو ذمہ داریاں بھی سونپیں ۔ کانگریس پارٹی کے ضلع ترجمان گنیش شرما نے بتایا کہ یاترا کے تیاریوں کے لئے اس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ریاستی کانگریس پارٹی کے عہدے داران نے ضلعی سطح پر یاترا کی تیاریو ںکے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کی تھیں ۔
غازی آباد میٹنگ کے دوران ملی ہدایت کے مطابق آج دونوں صدور نے کانگریس عہدے داران اور کارکنان کو ذمہ داریاں سونپتے ہوئے یاترا کے لئے کانگریس کارکنان کے رجسٹریشن کا کام شروع کیا گیا ہے ۔ پدیاتر ا کے طورپر رجسٹریشن کے لئے سبھی کو اپنے آدھار کارڈ اورپاسپورٹ سائز فوٹو دونوں صدور کے پاس جمع کرانے کے لئے کہا گیا ہے ۔ ضلع کے سابق صدر چودھری مہربان عالم ، اے آئی سی سی کے رکن اشوک سینی نے سبھی کارکنان سے اس یاترا کو کامیاب بنانے کے لئے بڑی تعداد میں لونی پہنچنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر راحت خلیل، سچن کامبوج، اشوک شرما، پراگ پنوار، عمران قریشی، نتن شرما، دھرم ویر جین، اسرار ملک، قیوم، شاہین خان، آدیش، نصیب خان، محمد عارف منصوری، سوربھ بھاردواج، لئیق احمد انصاری، جمال احمد ، افضال قریشی، ناصر انصاری، ستیش کمار ایڈوکیٹ، نند کشور، گلفام، روہت جاٹو،امردیپ وغیرہ موجود رہے۔