صوبائی مسابقہ میں شاندار مظاہرہ پر دارالعلوم فیض محمدی میں استقبالیہ پروگرام کا انعقاد

مہراج گنج (عبید الرحمٰن الحسینی) میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج گورکھپور کی” سیرت کمیٹی،، کے زیراہتمام صوبائی سطح کے منعقدہ مسابقہ میں دارالعلوم فیض محمدی کے پانچ طلباءنے فرسٹ ، سکنڈ اور تھرڈ پوزیشن حاصل کرکے اپنا اور اپنے ادارہ کا نام روشن کیا ہے۔ مسابقہ سے واپسی کے بعد آج دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڈھ کی مسجد ” النور،، میں فاتح ٹیم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ پروگرام رکھا گیا۔ جس کی صدارت سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر ولی اللہ ندوی، ڈاکٹر شکیل احمد خان ڈائریکٹر فضل ربی گیس ایجنسی کے علاوہ معروف فلاحی ادارہ حافظ شجاعت فیض عام چیریٹیبل ٹرسٹ کے جنرل سپروائزر و صحافی حافظ عبید الرحمان حسینی موجود تھے۔
سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے صوبائی سطح کے مقابلے میں نمایاں کامیابی پر نہ صرف مبارکباد پیش کی، بل کہ تمام پوزیشن لانے والے طلباءکی گل پوشی کرتے ہوئے انہیں نقدی انعامات کے علاوہ ایک ایک عدد صدری سے بھی نوازا: آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس قسم کے پروگرام کے انعقاد سے قوم کے نونہالوں کی خوابیدہ صلاحیتو ں کو اجاگر کرنے کے علاوہ ان میں خود اعتمادی کا جذبہ پید اکرنے کا موقع ملتا ہے۔
دارالعلوم فیض محمدی کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے کہا کہ وقتی کامیابی پر خوشی کے اظہار سے اچھا یہ ہے کہ آپ اپنے اندر دائمی صلاحیت ولیاقت پیدا کرنے کی کوشش کریں ، تاکہ ہر میدان میں آپ فتح وکامرانی کا علم بلند کرسکیں،انہوں نے اپنے بیان کے ذریعہ طلباءکے اندر بلندیوں کو چھونے اور انہیں ہر میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشتے ہوئے، ان کے دلو ں میں امنگ پیدا کرنے کی کوشش کی، اور فاتحین کی حسن کارکردگی پر اپنی نیک تمناؤں کااظہار کیا۔
مہمان خصوصی مولانا ڈاکٹر ولی اللہ ندوی نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ یہ امت زمانے میں قیادت کیلئے دنیا میں آئی ہے، اسلئے ہمیں علوم دینیہ کے ساتھ عصری علوم سیکھ کر تمام صنعتی ، سائنسی ،طبی وٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا دبدبہ قائم کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے اسلاف کی روایت کو زندہ کرنے کیلئے ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی طاقت کے ذریعہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنا ہوگا۔
اس موقع پر، نگرا ں انجمن ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، ناظم تعلیمات مفتی محمد انتخاب ندوی، مفتی احسان الحق قاسمی اور مولانا محمد سعید قاسمی نے بھی مختصر طور تا¿ثر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ طلباءکو مبارکباد پیش کی اور خوشی کا اظہار کیا ۔ اس پروگرام میں مولانامحمد صابر نعمانی، مولانا ظل الرحمان ندوی، مولانا شکراللہ قاسمی ، مولانا وجہ القمرقاسمی،حافظ وسیم احمد ، ماسٹر محمد عمر خان ، ماسٹر فیض احمد ، ماسٹر جاوید احمد، حافظ ذبیح اللہ ، ماسٹر صادق علی، ماسٹر شمیم احمد ، فیض احمد، عصب الدین ، محمد قاسمی وغیرہ موجودتھے۔