
شیخ پورہ2مئی(پریس ریلیز) امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ ،جھارکھنڈکی طرف سے مختلف اضلاع میں عیدالفطرکے موقعہ پرضرورت مندخواتین کے درمیان بڑے پیمانے پرساڑیاں تقسیم کی گئیں۔امیرشریعت حضرت مولانااحمدولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کے خصوصی حکم پرامارت شرعیہ نے مختلف اضلاع میں ساڑیاں بھیجوائیں تاکہ غریب خواتین بھی عیدکی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔اس ضمن میں ضلع شیخ پورہ کے لیے بھی دوسوپچیس ساڑیاں بھیجی گئیں جوعلاقے کے مختلف گائوں،محلوں اورمضافات میں ضرورت مندخواتین کے درمیان تقسیم کی گئیں۔ضلع شیخ پورہ میں امارت شرعیہ کی طرف سے یہ ذمے داری جناب حافظ فیاض ہاشمی سکریٹری جامعہ محمود،محلہ سکونت اورجناب مولانامعظم علی وارث رحمانی،یحیٰ پور نے بحسن وخوبی انجام دی۔انھوں نے طریقہ کاریہ اختیارکیاکہ مختلف علاقوں اورگائوں سے چندذمے دار متعین کیے اورانھیں ساڑیاں حوالے کیں تاکہ وہ اپنے اپنے گائوں اورمحلہ میں مستحق خواتین تک پہونچادیں۔چنانچہ بازیدپورشیخ پورہ میں جناب محمداعجازالدین ،پہڑیااورشیخوپورسرائے میں جناب مولانا عامر ظفر مدنی، اکساری ، کنڈا، پتھریٹہ، کٹنی کول،جمواڑہ میں جناب شمس تبریز،شہرشیخ پورہ میں جناب محمداویس بڑی درگاہ،جناب محمدنواب اختریحی پور،جناب عبدالرحیم پہڑیا،منیوری میںجناب محمدآفتاب خان ،چاریاری میں جناب ڈاکٹرعتیق احمد اورجناب سیدفرحان احمد(گڈو)،چروانوں میں جناب انعام صاحب اورتابش ،ککراڑمیں جناب محمدمختارعالم،حسین آبادمیں جناب محمدعالمگیراورجناب محمدعلی رضاخان کوذمہ داری دی گئی اوراِن سرگرم اورمتحرک اشخاص نے ملت کے کازمیںپوری دل چسپی دکھائی ۔انھوں نے شیخ پورہ میں ساڑیاں وصول کیں اوراپنے اپنے گائوں اورعلاقے میں تقسیم کیں۔
عورتوں کوبلاکرساڑیاں دے کرنمائش کی بجائے کوشش اس بات کی گئی کہ ہرگائوں اورعلاقے کی مستحق خواتین تک امانت پہونچادی جائے۔اس موقعہ پر جناب حافظ فیاض ہاشمی اورجناب مولانامعظم علی وارث نے ان تمام مذکورہ اشخاص کے علاوہ جناب امام غزالی ،جناب شہودعالم ،جناب فیاض عرف لڈن اور دیگرتمام معاونین کابھی شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ملت کے کازسے اسی طرح جڑکرحصہ لیناچاہیے۔امارت شرعیہ مسلک ومشرب سے الگ ہوکرسبھوں کا ادارہ ہے،ہم اپنے ادارے سے جس قدرجڑیں گے ،اتنے ہی مضبوط ہوں گے۔ملی اداروں کی حیثیت جڑکی ہے،شاخیں اسی وقت تروتازہ رہیں گی جب وہ اپنے جڑسے جڑی رہیں گی،ہمیں امیرشریعت اورامارت شرعیہ کومضبوط کرناہے تاکہ وہ ہماری آوازبن کرملت کی رہنمائی کریں۔ امیرشریعت کی کوشش ہے کہ خاص خاص موقعہ پرتینوں ریاستوں کے ہرضلع ،ہرقصبہ،ہرگائوں تک امارت شرعیہ پہونچے اورضرورت مندوں کی ہرممکن مددکرے۔انھوں نے مختلف اضلاع میں نئے دارالقضاء کے قیام کی کوشش تیزکردی ہے۔چنانچہ شیخ پورہ میں جامعہ محمودمحلہ سکونت میں دارالقضاء کے قیام کی منظوری بھی دے دی ہے،جناب مولانامعظم علی وارث نے اس کے لیے جناب مولاناقاضی انظارعالم قاسمی صاحب کاخصوصی شکریہ اداکیا۔واضح رہے کہ جامعہ محمودکی زمین امارت شرعیہ کے نام سے ہی وقف ہے جہاں دارالقضا ء کاجلدقیام ہوگا۔ان شاء اللہ۔ امیرشریعت چاہتے ہیں کہ دارالقضاء کامقصدصرف نکاح وطلاق پرفیصلہ نہ ہو،بلکہ یہ کونسلنگ سنٹرہو،امارت کی طرف سے رفاہی،دینی،ملی خدمت کامرکزبھی ہو۔اس کے علاوہ امیرشریعت نے مختلف اضلاع میں سی بی ایس ای کے طرزپرامارت پبلک اسکول کے قیام کے لیے اپنامشن شروع کردیاہے۔