شوہر نے گلا دباکر بیوی کا کیا قتل ، ملزم موقع سے فرار
پولیس نے شوہر کے خلاف مقدمہ قائم کرکے تفتیش شروع کردی

دیوبند، 20؍ ستمبر (رضوان سلمانی) شرابی شوہر نے اپنی بیوی کا گلا دباکر قتل کردیا ، واردات کو انجام دے کر ملزم موقع سے فرار ہوگیا ، اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ یہ واردات نکوڑ کوتوالی علاقہ کے گائوں سالا پور میں ہوئی ہے ،
مرنے والی خاتون 32سالہ دیپا کے بھائی سچن اور بہن کویتا نے بتایاکہ اس کی بہن مونا کی شادی گائوں سالا پور کے رہنے والے پروین کے ساتھ ہوئی تھی ، تقریباً 4سال قبل پیدائش کے دوران مونا کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد پروین کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے کہنے پر انہوں نے اپنی چھوٹی بہن دیپا کی شادی پروین کے ساتھ کردی تھی ،اہل خانہ کا الزام ہے کہ پروین شراب پینے کا عادی ہے ،پہلے بھی کئی مرتبہ وہ دیپا کے ساتھ جہیز کے مطالبہ کو لے کر نشہ میں مارپیٹ کرچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آج دوپہر انہیں معلوم ہوا کہ پروین نے دیپا کا قتل کردیا ہے ،
اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ اس سلسلہ میں نکوڑ تھانہ انچارج راجندر پرشاد وسسٹ نے بتایا کہ مرنے والی خاتون کے بھائی کی تحریر پر مقدمہ قائم کرلیا گیا ہے ، پہلی نظر یہ معاملہ قتل کا لگ رہا ہے ۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی وجوہات کا پتہ لگ سکے گا ۔ جب کہ خاتون کی موت کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچا ہوا ہے۔