شوبز

برازیل میں فٹبال اسٹیڈیم ڈرائیو ان سینما میں تبدیل

برازیل میں ایک فٹبال اسٹیڈیم کو ڈرائیو ان سینما میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہ کرونا وائرس کے بحران سے بدترین متاثر ملک میں عوام کا جذبہ بحال کرنے کی تازہ کوشش ہے۔

ساحلی شہر ساؤ پولو کا پلمئیرس فٹبال کلب کے اسٹیڈیم میں تین سو کاروں کی گنجائش ہے۔

فٹبال ٹیم کے ایک پرستار الیسینڈرو ٹیساری نے کہا کہ اس نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن وہ اسٹیڈیم میں فلم دیکھے گا۔

برازیل میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سینما گھر ان اولین شعبوں میں شامل تھے جنھیں کام بند کرنا پڑا۔ یہ واضح نہیں کہ مزید سینما کھلیں گے یا نہیں کیونکہ وائرس بدستور متحرک ہے۔

فلمیں دکھانے کے علاوہ اسٹیڈیم میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے پروگرام اور بچوں کے تھیٹر بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔

اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے بدھ کو انٹرٹینمنٹ کی فراہمی کا آغاز کیا اور 19 جولائی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ایک کار میں چار سے زیادہ افراد کو آنے کی اجازت نہیں اور 23 سے 100 ڈالر تک کے ٹکٹ دستیاب ہیں۔

اس سے پہلے امریکہ، یورپ اور متحدہ عرب امارات میں بھی نئے ڈرائیو ان سینما کھولے گئے ہیں کیونکہ عام سینما گھروں کے مقابلے میں ان میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

امریکہ کے بعد برازیل دنیا میں کرونا وائرس سے بدترین متاثر ملک ہے جہاں 12 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں اور 55 ہزار سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

Back to top button
Close
Close