شوبز

اداکارہ ریا چکرورتی کوجیل میں ہی رہنا ہوگا ، منشیات کیس میں نہیں ملی ضمانت

ممبئی،11؍ستمبر( آئی این ایس انڈیا ) سوشانت سنگھ راجپوت کیس میں منشیات کے استعمال کے الزام میں گرفتار اداکارہ ریا چکرورتی کو ضمانت نہیں ملی ہے۔ فی الحال انہیں جیل میں ہی رہنا ہوگا۔ واضح رہے کہ ریا کو اس معاملے میں منشیات خریدنے کے الزام میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا تھا۔ ممبئی کی عدالت نے اس معاملے میں گرفتار ریا کے بھائی شویک چکروتی کی ضمانت کی درخواست کوبھی مسترد کردیا ہے۔منگل کو ریا چکروتی کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں ان کی پہلی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کردی گئی تھی اور انہیں 22 ستمبر تک جیل بھیج دیا گیاتھا۔ اس کے بعد سے ریا کے وکیل ستیش مان شندے نے ممبئی کی ایک عدالت میں ان کی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا ہے۔ضمانت نہ ملنے پرریا کے وکیل نے کہا کہہم این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت کے حکم کی کاپی کا انتظار کر رہے ہیں، فیصلہ آنے کے بعد اگلے ہفتے تک اس معاملے میں ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ریا نے جمعرات کے روز اپنے بیان میں الزام لگایا کہ انہیں این سی بی کی انکوائری کے دوران اعترافی بیانات دینے پر مجبور کیا گیا۔ اسی کے ساتھ ہی اپنی درخواست میں ریا نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا ہے اور اسے اس معاملے میں ملوث کیا جارہا ہے۔تاہم این سی بی نے ضمانت کی درخواستوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گرچہ اس معاملے میں پکڑی جانے والی ممنوعہ دوائیوں کی مقدار کم تھی، لیکن اس کی مالیت 185200 روپے تھی۔ ضمانت کی درخواستوں کے جواب میں این سی بی نے کہا کہ ریا چکرورتی اور شویک چکرورتی سوشانت سنگھ راجپوت کے لئے منشیات کا بندوبست کرتے تھے اور اس کے پیسے دیتے تھے۔ این سی بی نے کہا کہ اگر ملزمان کو ضمانت پر رہا کیا جاتاہے تو وہ شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرسکتے ہیں اور کیس میں اہم گواہوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close