دیوبند

شرد یادو کے انتقال پر سماج وادی پارٹی کارکنان نے انہیں پیش کی خراج عقیدت

شرد یادو نے اپنی محنت سے ملک میں الگ پہچان بنائی تھی : فیصل سلمانی

ؔدیوبند،13؍ جنوری (رضوان سلمانی) جنتا دل یونائٹیڈ پارٹی کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو کے انتقال پر سماج وادی پارٹی کارکنان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کی اور کہا کہ ملک نے ایک بڑے بہت سماج واد لیڈر کو کھودیا ہے۔ انبالہ روڈ سہارنپور پر واقع سماج وادی پارٹی دفتر پر منعقدہ تعزیتی میٹنگ میں سابق مرکزی وزیر شرد یادو کے انتقال پر سماج وادی پارٹی کارکنان نے افسوس کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیر سرفراز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ شرد یادو نے ہمیشہ سماج واد کے نظریات کو مضبوط رکھتے ہوئے دبے کچلے سماج کی آواز کو بلند کرنے کا کام کیا ہے اور جب بھی انہیں موقع ملا انہوں نے دبے کچلے طبقے کی ترقی کے لئے کام کیا ہے اور انہو ںنے ہمیشہ ایک اچھی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لیڈر بہت کم ہوتے ہیں جو سماج واد کے نظریات کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ سرفراز خان نے کہا کہ ان کے چلے جانے سے ملک کو ایک بہت بڑا نقصان ہوا ہے ، ہمیں ان کے نظریات کو قائم کرنا ہوگا۔ سماج وادی پارٹی کے سابق سہارنپور شہر صدر فیصل سلمانی نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر شرد یادو ایک ایسے شخص تھے جنہوں نے سب کو ایک ساتھ لے کر چلنے کا کام کیا اور ہمیشہ اپنی کامیاب سیاست کی طاقت پر ملک کی ترقی کی بات کرتے رہے۔

انہوں نے کبھی اپنے مفاد کے لئے سیاست نہیں کی، بلکہ وہ صرف سماج واد کو مضبوط کرنے میں لگے رہے۔ انہوں نے کہا کہ شرد یادو ہمیشہ سبھی طبقات کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین رکھتے تھے وہ سیکولر مزاج انسان تھے ۔ شرد یادو کے دنیا سے چلے جانے سے سیاست میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے ، سماج وادی پارٹی کے لیڈر عبدالغفور اور ضلع نائب صدر حسین قریشی نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے اپنی سیاست کی طاقت پر ایک الگ پہچان بنائی اور ملک کے بڑے لیڈران میں اپنے آپ کو شمار کرانے کا کام کیا اور سیاست میں اپنا الگ مقام بنایا، جس کی وجہ سے وہ ملک اور بیرون ملک میں جانے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک نے آج ایک بڑے سیاست داں کو کھودیا ہے۔ امریش چوٹالہ اور جملہ سنگھ نے کہا کہ جنتا دل یونائٹیڈ پارٹی کے قومی صدر شرد یادو نے اپنی پوری سیاست میں کبھی بھی بھید بھائو اور خاندان واد کو آگے بڑھنے کا کام نہیں کیا وہ صرف اپنے ساتھیوں کو ہی آگے بڑھاتے رہے اور سبھی کو ساتھ لے کر چلے۔ انہوں نے رام منوہر لوہیا جیسے سماج واد لیڈران کو اپنا رہنما مانتے ہوئے اپنی سیاست کی اور دبے کچلے سماج کی آواز کو پوری طرح مضبوطی کے ساتھ اٹھانے کا کام کیا۔ آج ملک نے ایک بڑے لیڈر کو کھودیا ہے جس کی بھرپائی ہونا ناممکن ہے۔ ان کو سچی خراج عقیدت یہی ہوگی کہ ان کے بتائے ہوئے راستہ کو اختیار کیا جائے۔ اس موقع پر کنور پال، رام کمار، محفوظ انصاری، رائو اسرار، قیوم، وید پال، وشو کرما وغیرہ موجود رہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button