دیوبند

شادی کراکر ٹھگی کرنے والے گروہ کا پولیس نے کیا پردہ فاش

اتراکھنڈ ،ہریانہ اور یوپی میں سرگرم تھا یہ گروہ ، ایک ہی لڑکی کی کرائی تھی چار شادیاں: ایس ایس پی سہارنپور

دیوبند، 21؍ ستمبر (رضوان سلمانی) شادی ، دھوکہ سمجھوتہ کرکے لوگوں سے ٹھگی کرنے والے ایک گینگ کا پولیس نے انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے ایک لڑکی سمیت دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جب کہ کئی دیگر ان کے ساتھی فرار ہیں۔ یہ گینگ مغربی اترپردیش ، ریاست اتراکھنڈ اور ہریانہ میں لوگوں کو اپنا شکار بناچکے ہیں۔ تھانہ چلکانہ کے گائوں پنچ کنواں کے رہنے والے پروین کی شکایت پر پولیس نے اس گروہ کا پردہ فاش کیا ہے ، پولیس کے مطابق یہ گروہ برابر شادی کرکے لوٹ کرنے کی وارداتوں کو انجام دے رہا تھا، اتنا ہی نہیں اس گروہ کے ممبران پولیس کارروائی کا خوف دلاکر بھی لوگوں سے رقم وصولتے تھے۔

ایس ایس پی سہارنپور ڈاکٹر وپن تاڑا اور ایس پی سٹی راجیش کمار نے پولیس لائن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنچ کنواں کے رہنے والے پروین نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ اس کے ساتھ کچھ لوگوں نے شادی کے نام پر ٹھگی کی ہے ، پروین کا الزام تھا کہ اشفاق ، ناظمہ اور سنجے ساکن گائوں پدھارتھ تھانہ پتھری اور کنور سنگھ راج کمار ساکن کنجا بہادر پور ہری دوار نے اسے جھانسہ دے کر گیتا عرف سلونی ساکن محلہ ٹانڈہ ضلع اودھم سنگھ نگر سے شادی کرائی تھی اور اس کے لئے انہوں نے تین لاکھ روپے بھی ا س سے لئے تھے ۔ پولیس نے پروین کی تحریر پر مقدمہ قائم کرتے ہوئے اس معاملہ کی جانچ شروع کی تو پولیس نے گیتا اور اشفاق کو گرفتار کرلیا ۔

انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ گائوں میں ایسے لوگوں کی تلاش کرتے تھے جن کی شادی نہیں ہوتی تھی ، اس کے بعد وہ ایک خوبصورت لڑکی سے شادی کا جھانسہ دے کر اس سے رابطہ کرتے تھے اور رقم لے کر شادی کرادیتے تھے ۔ شادی کے تین چار روز بعد تک لڑکی ان ہی کے گھر میں رہتی تھی اور بعد میں اہل خانہ کی بیماری کا بہانہ بناکر گھر میں رکھی رقم اور زیورات لے کر فرار ہوجاتی تھی ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ شادی کا جھانسہ دے کر ٹھگی کرنے والے گروہ کا نیٹ ورک ہریانہ اور اتراکھنڈ تک پھیلا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق ہریانہ کے پانی پت کے رہنے والے سونو سے 80ہزار ، مراد آباد کے رہنے والے وجے سے 60ہزار روپے بھی یہ گینگ لے چکا تھا ،

پولیس کے مطابق اس گینگ کے ممبران شادی کے بعد شادی کرنے والے نوجوان پر عصمت دری اور استحصال کرنے کا خوف دکھاکر یہ رقم وصول کرتے تھے ،پولیس نے بتایا کہ گیتا نام کی یہ لڑکی اب تک چار شادیاں کرچکی ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ یہ گروہ لمبے وقت سے لوگوں کو اپنا نشانہ بنارہے تھے ،انہوں نے ہریانہ ، اتراکھنڈ اور پچھم اترپردیش میں بہت سے لوگوں سے شادی کراکر رقم وصول کرچکے ہیں،پیسہ جمع ہونے پرملزمان اس رقم کو تقسیم کرلیتے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے دبشیں دے رہی ہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button