سی این جی کی قیمتوں میں 6 دنوں میں تیسری بار اضافہ، آج بھی 2.50روپئے ہوئی مہنگی

نئی دہلی ،06؍اپریل (ہندوستان اردو ٹائمز) ایک طرف پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں تو دوسری طرف سی این جی (کمپریسڈ نیچرل گیس) کی قیمتوں نے الگ مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔ بدھ 6 اپریل 2022 کو سی این جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔
گیس سپلائی کرنے والی کمپنیوں نے آج سی این جی کی قیمت میں 2 روپئے 50 پیسے فی کلو اضافہ کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میں اندرا پرستھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) نے گزشتہ چھ دنوں میں سی این جی کی قیمتوں میں تین بار اضافہ کیا ہے۔ آئی جی ایل کے اعلان کے بعد سی این جی کی نئی قیمتیں آج صبح 6 بجے سے دہلی-این سی آر میں نافذ ہوچکی ہیں۔آئی جی ایل کی ویب سائٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کے بعد اب دہلی میں سی این جی کی قیمت 64.11 روپئے سے بڑھ کر 66.61 روپئے فی کلو ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ اپریل مہینے میں تیسری بار قیمتوں میں اضافہ کیا گیاہے
جبکہ گزشتہ مہینے کے آغاز اب تک آٹھویں بار قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اب تک دہلی-این سی آر میں سی این جی 9 روپئے فی کلو مہنگی ہو چکی ہے۔اس سے پہلے یکم اپریل کو دہلی میں سی این جی کی قیمت میں 80 پیسے فی کلو کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس دن پی این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا۔ پائپ کے ذریعے گھروں تک پہنچائی جانے والی کھانا پکانے والی گیس (پی این جی) کی قیمت میں 5 روپئے فی کیوبک میٹر کا اضافہ کر دیا گیا۔ پھر 4 اپریل کو قیمتوں میں براہ راست ڈھائی روپئے کا اضافہ کیا گیا۔