سیاسی ہنگامہ آرائی کے درمیان شندے نے کہا،میں جلد ممبئی واپس آؤں گا، شیو سینااپنے 20 حامی ممبرانِ ا سمبلی کے نام بتائے

گوہاٹی ؍نئی دہلی ،28جون (ہندوستان اردو ٹائمز) مہاراشٹر میں جاری سیاسی اتھل پتھل کے درمیان باغی ممبرانِ اسمبلی کی قیادت کر رہے ایکناتھ شندے نے منگل کو بڑا اعلان کیا ہے۔انہوں نے گوہاٹی میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی ممبئی واپس آئیں گے۔ اس دوران انہوں نے شیو سینا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو اپنے دھڑے کے 20 ایم ایل ایز کے نام بتانے چاہیے۔اہم بات یہ ہے کہ منگل کو باغی لیڈر ایکناتھ شندے کو گوہاٹی کے لگژری ہوٹل کے باہر دیکھا گیا۔
اس دوران باغی شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو ان ایم ایل اے کے ناموں کا انکشاف کرنا چاہیے جو ان کے رابطے میں ہیں۔ شندے نے ہوٹل کے باہر نامہ نگاروں سے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 50 ایم ایل اے کی حمایت حاصل ہے۔
واضح ہو کہ شیو سینا کے لیڈر کئی بار یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ گوہاٹی ہوٹل میں شندے کے ساتھ ٹھہرے ہوئے پارٹی کے تقریباً 20 ایم ایل اے ان کے رابطے میں ہیں اور وہ مہاراشٹر واپس جانا چاہتے ہیں۔ایکناتھ شندے نے میڈیا کے سامنے کہا کہ یہاں کسی ایم ایل اے کو زبردستی نہیں لایا گیا ہے۔ تمام اراکین اسمبلی خوش ہیں۔ اگر شیو سینا کہتی ہے کہ یہاں موجود ایم ایل اے ان کے رابطے ہیں تو انہیں ان کے نام ظاہر کرنے چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ایم ایل اے یہاں خود کو اورنام نہا د’ ہندوتوا ‘کے فروغ کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمام ایم ایل اے ٹھیک ہیں، یہاں کوئی اپنے فائدے کے لیے نہیں آیا ہے ،بلکہ مخصوص نظریات ’’ہندتوا کے تحفظ اور اس کے احیاء کے پس منظر کے تحت یہاں آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم شیوسینا میں ہیں، شیوسینا میںہی رہیں گے۔ ہم بالا صاحب کے ’ہندوتوا‘ کے نظریات کو آگے لے کر جائیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلا قدم آپ کو جلد ہی بتا دیا جائے گا۔اس دوران باغی شیوسینا لیڈر ادے سمنت نے کہا ہے کہ میرے گوہاٹی آنے کی وجہ سازشیں ہیں، جس کی وجہ سے شیوسینا کمزور ہو رہی ہے۔