سہارنپور کے ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے پارلیمنٹ میں طالبات کو باسی کھانا کھلانے کا معاملہ اٹھایا

دیوبند، 9؍ اگست (رضوان سلمانی) سہارنپور کے ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے گزشتہ کل پارلیمنٹ میں سہارنپور میں واقع کستوربا گاندھی اسکول میں باسی کھانا کھانے سے بیمار ہوئیں طالبات کا معاملہ اٹھایا ۔ انہوں نے وزیر تعلیم سے ملک میں کستوربا گاندھی گرلز اسکول میں طالبات کو دی جانے والی سہولتیں اور کھانے سے متعلق طے شدہ ضوابط کی جانکاری مانگی ، ساتھ ہی باسی کھانا کھلانے پر قصورواروں کے خلاف کارروائی کی تفصیل بھی طلب کی۔
ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کے سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم ان پورنا دیوی نے بتایا کہ کستوربا گاندھی اسکول کلاس چھٹی سے 8ویں تک رہائشی اسکول ہیں جنہیں ایس سی ایس ٹی ، اوبی سی اقلیت اور غریب طالبات کے لئے تعلیمی طور پر پسماندہ بلاک نے قائم کیا جاتا ہے۔ ان میں رہنے والی طالبات کو محفوظ ماحول میں رہنے اور سیکھنے کے مناسب اور بنیادی ڈھانچے کے ساتھ بہتر تعلیم اور ہوسٹل کی سہولتیں دی جاتی ہیں ۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ اسی کے ساتھ انہیں مفت نصاب ودیگر سہولتیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ انہیں کاروباری ٹریننگ کے ساتھ خود کی حفاظت بھی دی جاتی ہے۔
ان طالبات کو پکا ہوا کھانا دینے کے لئے ضوابط طے کئے گئے ہیں، ان پر عمل لازمی ہے۔ جانکاری کے لئے جگہ جگہ سائن بورڈ بھی نصب ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کا نظام متعلقہ ریاست کے دائرہ ٔ اختیار میں ہے اور ریاست کا کام ہے کہ وہ کھانے پینے جیسے معاملوں کی نگرانی کرے۔ یوپی حکومت نے اطلاع دی ہے کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل دے گی اور اس میں جو قصوروار پایا جائے گا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔