سہارنپور میں عید میلاد النبی جوش وخروش سے منائی گئی
آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف نہ لاتے تو اس کائنات کا وجود ہی ممکن نہیں تھا ۔محمد طارق

دیوبند،9؍اکتوبر(رضوان سلمانی) سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی عید میلاد النبی نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی ۔ضلع سہارنپور کے اطراف سے لوگ درگاہ باجے شاہ پہنچے اور انہوں نے نذرانۂ عقیدت پیش کرتے ہوئے درگاہ پر چادر چڑھائی اور دعائیں کیں۔
تقریب عید میلاد النبی کے صدر حکیم جمیل احمد قادری اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر کامل قادری و خازن حکیم محمد ساجد نوری نے درگاہ پر پہنچنے والے لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کے درمیان مٹھائی تقسیم کی ۔بعد ازاں درگاہ سے ایک جلوس جنک نگر، گھنڈا گھر چوک،انبالہ روڑ ،منڈی سمیتی روڑ ،عالی کی چنگی اور اندرا چوک سے ہوتے ہوئے مدرسہ جامعہ غوثیہ رضویہ پہنچا ۔اس موقع پر یہاں ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت صدیق الامین امروہی نے کی اور نظامت کے فرائض انور صابری نے انجام دئیے۔اس موقع پر مدرسہ کے مہتمم حکیم محمد طارق صابری نے خطاب کرتے ہوئے نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت پاک سے متعلق بیان فرمایا اور کہا کہ اگر آپ ؐ تشریف نہ لاتے تو اس کائنات کا وجود ہی ممکن نہیں تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ 1924تک مکہ اور مدینہ میں جشن عید میلاد النبی بڑی عظمت کے ساتھ منایا جاتا رہا اور آج بھی ان دونوں شہروں کے لوگ جشن ولادت کی محفلیں اپنے گھروں میں سجاتے ہیں ۔بعد مدرسہ کے نائب مہتمم محمد واصف قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر پوری دنیا کے مسلمان جشن ولادت مناتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ذات کو اللہ تعالیٰ نے رحمت بناکر دنیا میں بھیجا اس لئے ہم سب کو اس موقع پر خوشی منانی چاہئے ۔پروگرام میں خصوصی تعاون دینے والوں میں حکیم رئیس احمد،محمد عاصم،محمد صادق،شاہد زبیری،عارف عثمانی،محبوب خان،انور صابری،شاہ نواز ،نوشاہی،شیخ طاھر حسن ایوبی،حکیم سلیم،نوید صابری،عبد الحمید،ارشد صابری،حافظ گلزار،ماسٹر ارمان،حکیم منیر ،علی احمد صابری کے نام قابل ذکر ہیں۔