سڑک حادثہ میں بی جے پی لیڈر کی موت جبکہ ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی

دیوبند،16؍اکتوبر(رضوان سلمانی) ایک سڑک حادثہ میں ایک بی جے پی لیڈر کی دردناک موت واقع ہوگئی ۔تیز رفتار کار اور پکپ کی آمنے سامنے کی زبردست ٹکر سے بی جے پی لیڈر کی موت واقع ہوگئی جبکہ دونوں گاڑیوں میں سوار چار افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے جنہیں پولیس نے علاج کے لئے دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آج صبح اسٹیٹ ہائی وے پر سائی دھام کے نزدیک سہارنپور سے مظفرنگر کی جانب سے جارہی پکپ گاڑی اور سامنے سے آرہی میرٹھ کے رہنے والے بی جے پی لیڈر کی سیوفٹ کار کی آمنے سامنے کی زبردست ٹکر ہوگئی جس میں دونوں گاڑیاں بری طرح سے خستہ حال ہوگئیں ۔حادثہ میں پکپ میں سوار تین افراد جبکہ سیوفٹ کار میں سوار دو افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔
اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے دونوں گاڑیوں میں پھنسے زخمیوں کو راہ گیروں کی مدد سے باہر نکالا اور سرکاری اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے میرٹھ کے رہنے والے بی جے پی ضلع کمیٹی کے رکن 35؍سالہ گورو چوہان ولد چیتن پال ساکن پلو پورم دلہیڑہ ضلع میرٹھ کو مردہ قرار دیدیا وہیں اس کے ساتھی یش چوہان اور پکپ میں سوار ستیش ولد مام چند ساکن گاؤں کھتولی تھانہ ناگل اس کی بیوی لکھمیری اور ڈرائیور قیوم ولد نوشاد ساکن سلیم پور ضلع بارہ بنکی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہائر سینٹر ریفر کردیا گیا ۔
پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور حادثہ میں جاں بحق ہونے والے گورو چوہان کے اہل خانہ کو اس حادثہ کی اطلاع دی پولیس نے بتایاکہ اس حادثہ کے سلسلہ میں ضروری قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔