یوپی

سماج سے اخلاقی برائیوں کے خاتمے میں خواتین کا کردار اہم : مفتی محمد علی نعیم رازی

لکھنؤ اسلامک اکیڈمی کے زیر اہتمام تقریب سماجی اصلاح و تقسیم کمبل کا انعقاد

لکھنؤ: (پریس ریلیز) کسی بھی کامیاب سماج اور معاشرے کے لئے ضروری ہے اس کا اہل ثروت طبقہ نادار و ضرورت مند افراد کی نشان دہی کرکے رضائے الٰہی کی خاطر انکی ہر طرح کی کفالت کے فریضے کو بخوبی انجام دیں نیز زندگی کے تمام مراحل میں پیش آمدہ انکی ضروریات کو حتی المقدور پوری کرنے کی کوشش کریں ، خدمت خلق کے اس فریضہ کی انجام دہی خالق کی رضا کا پروانہ حاصل کرنے کے لئے نہایت ضروری ہے ،
درج بالا خیالات کا اظہار معروف عالم دین لکھنؤ اسلامک اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور یوتھ آف پیس فاؤنڈیشن کے بانی و جنرل سکریٹری مولانا مفتی محمد علی نعیم رازی نے کیا
مولانا رازی اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سماجی اصلاح و تقسیم کمبل کو خطاب کررہے تھے ، اس موقع پر کثیر تعداد میں بلا تفریق مذہب و مشرب ضرورت مندوں کے درمیان کمبل و لحاف کی تقسیم عمل میں آئی
تقریب سے مخاطب مفتی محمد علی نعیم رازی نے صالح سماج کی تشکیل اور بہترین معاشرے کی تعمیر نیز روز افزوں اخلاقی برائیوں کے خاتمے میں خواتین کو آگے آکر اپنا اہم کردار ادا کرنے کے لئے مہمیز کرتے ہوئے کہا کہ آج معاشرہ اخلاقی اقدار سے یکسر خالی ہوتا جارہا ہے، باہمی تنازع و جھگڑے ہر گھر کا مقدر بن کر رہ گئے ہیں، مال و دولت کی حرص اور تعلقات کی ناقدری میں خونی رشتے بھی شرمسار ہورہے ہیں جو یقینا ہمارے سماج کا المیہ ہے ، ان سب کے خاتمے میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہے ، وہ چاہے تو تمام تنازعات بغیر سنگینی اختیار کئے ہی ختم ہوسکتے ہیں نیز ان پر صرف ہونے والی قوت و دولت کو انکے صحیح مصرف پر استعمال کیا جاسکتا ہے
مفتی محمد علی نعیم رازی نے کہا کہ نشہ آور اشیا کا استعمال معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کررہا ہے جسکے خلاف مہم چلانا وقت کا ناگزیر تقاضہ ہے نیز اسکے سدباب میں بھی خواتین کا رول نہایت اہم ہے لہذا ان کو اپنا مطلوبہ کردار ادا کرنا چاہیے
مولانا رازی نے کہا کہ مذہب و مشرب سے بالا تر ہوکر اس وقت سماج کے اہل ثروت و با اثر افراد کو محلہ و مقام کی سطح پر سماجی اصلاح کی مہم شروع کرنا چاہیے نیز خواتین کو اس میں شریک کرتے ہوئے اخلاقی اقدار کے تحفظ و فروغ کے لئے اپنا فرض منصبی ادا کرنا چاہیے تب ہی ہم ایک اچھے مستقبل کا خواب دیکھ سکتے ہیں
محمد فیض کی تلاوت اور عائشہ و نازیہ کی نعت سے افتتاح شدہ تقریب کا اختتام مفتی محمد علی نعیم رازی کی دعاء پر عمل میں آیا
اس موقع ادارے کے اساتذہ و معلمات ، طلباء و طالبات وغیرہ کثیر تعداد میں خواتین و حضرات موجود رہے

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button