بین الاقوامیعجیب و غریب

سفاک یا کنجوس والدین : بغیرٹکٹ شیرخواربچّےکو ہوائی اڈے کے چیک ان کاؤنٹرپرچھوڑگئے

اسرائیل میں کنجوس والدین ہوائی اڈے پر اپنے شیرخوار بچّے کو ٹکٹ نہ ہونے پرچیک ان کاؤنٹر پر ہی چھوڑ گئے اور خود طیارے پرسوار ہونے کے لیے اپنے اگلے سفر پر روانہ ہوگئے۔

یہ واقعہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے پرپیش آیا ہےجہاں والدین نے اپنے بچّے کو چیک ان کاؤنٹر پر چھوڑ دیا اور بچے کے لیے الگ ٹکٹ خریدنے میں ناکام ہونے پر اپنا اگلا سفرجاری رکھنے کی کوشش کی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اس جوڑے نے بچّے کو اس وقت کاؤنٹر پرچھوڑ دیا جب انھوں نے بن گورین بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بیلجیئم کے شہربرسلز جانے والی ریان ایئرکی پرواز میں چیک اِن کیا۔

دونوں میاں بیوی نوزائیدہ بچے کے سفر کے لیے ٹکٹ پیش کرنے میں ناکام رہنے کے بعدسکیورٹی چیک کے لیے آگے بڑھ گئے۔

بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چیک ان کاؤنٹربند ہونے کے بعد، فیملی دیر سے پہنچی تھی اور وہ یا تو اپنے بچّے کے لیے ٹکٹ خریدنے سے قاصرتھے یا تیار نہیں تھے۔

جب چیک ان ایجنٹ کواحساس ہوا کہ ایک نوزائیدہ بچے کو اس کی بچہ گاڑی ہی میں چھوڑ دیا گیا ہے تو ہوائی اڈے کی سکیورٹی کوبلایا گیا،جس نے والدین کا سراغ لگا کرانھیں حراست میں لے لیا۔

یہ واضح نہیں کہ پولیس اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے یا نہیں۔بتایا جاتا ہے کہ بچّے کے والدین کوپوچھ تاچھ کے لیے لے جایا گیا ہے۔

اسرائیلی ایئرپورٹ اتھارٹی نے سی این این کو ایک بیان میں بتایا:’’بیلجیئم کے پاسپورٹ کے ساتھ ایک جوڑا اور ایک بچہ ٹرمینل 1 پربغیرٹکٹ کے پرواز کے لیے پہنچے تھے۔ فلائٹ کا چیک ان بند ہونے کے بعد جوڑا بھی پرواز کے لیے دیر سے پہنچا۔جوڑے نے بچّے کواس کی گاڑی میں چھوڑدیا اور پرواز کے بورڈنگ گیٹ تک پہنچنے کی کوشش میں ٹرمینل 1 پرسکیورٹی چیک کی طرف بھاگ گئے۔

واضح رہے کہ ریان ایئرکی پروازوں پر،ریزرویشن کے عمل کے دوران میں شیرخواربچوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔بالغوں کی گود میں بیٹھنے کی صورت میں بچے کی ہر ایک طرف کی پرواز کے لیے 27 ڈالرلیے جاتے ہیں۔اگر بچہ طیارے کی سیٹ پر سفر کرتا ہے تو اس کی نشست کے لیے ادائی کرنا ضروری ہے۔

ہماری یوٹیوب ویڈیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button