ساکھن میں لاش ملنے سے علاقہ میں سنسنی

دیوبند، 12؍ فروری (رضوان سلمانی) دیوبند سہارنپور ہائیوے پر واقع ساکھن نہر میں ایک شخص کی لاش ملنے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی، لاش ملنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے نہر سے لاش کو باہر نکلوانے کے بعد لاش کی شناخت کرنے کی کوشش لیکن کافی کوشش کے بعد بھی لاش کی شناخت نہیں ہوسکی،جس کے بعد پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا،
تفصیل کے مطابق کچھ لوگوں نے پولیس کواطلاع دی کہ ننہیڑہ آسا اور ساکھن گاؤں کے درمیان نہر کے کنارے کسی شخص کی لاش پڑی ہوئی ہے، اطلاع ملتے ہی کوتوالی انچارج ایچ این سنگھ پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور انہوں نے لاش کو نہر سے باہر نکلوایا، اس دوران نہر کے آس پاس لوگوں کی بھیڑ لگ گئی، کوتوالی انچارج نے بتایاکہ جس شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، اس کی عمر 40؍ سال کے آس پاس معلوم ہورہی ہے،
انسپکٹر کاکہناہے کہ یہ لاش پیچھے سے بہہ کر آئی ہے،لوگوں سے اس کی شناخت کی کوشش کی گئی لیکن اس کی پہچان نہیں ہوسکی، انہوں نے بتایاکہ لاش سے کوئی ایسی چیز برآمد نہیں ہوئی ،جس سے کوئی پہچان کی جاسکے، مرنے والے شخص کے جسم پر نیلے رنگ کی جینس پینٹ،کالے رنگ کی جرسی اور پیروں میں ہری پٹی والے اسپورٹ شوز ہیں، پولیس نے پنچنامہ بھر کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔