کھیل

روی شاستری ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے

نئی دہلی ،15؍ ستمبر (ہندوستان اردو ٹائمز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے اختتام کے بعد ہندوستان کے ہیڈ کوچ روی شاستری اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ آئی سی سی کے اس مقابلے کے بعد شاستری کی مدت ختم ہو جائے گی اور وہ اپنے معاہدے کی تجدید نہیں کرنا چاہتے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع نے یہ معلومات دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاستری پہلے ہی بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر چکے ہیں کہ وہ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دینا نہیں چاہتے اور بی سی سی آئی کو ہندوستانی ٹیم کے لیے کوچ تلاش کرنا ہوگا۔

روی شاستری کو 2017 سے 2019 تک ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد اگست 2019 میں ایک بار پھر دو سال کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی موجودہ میعاد آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے اختتام کے ساتھ ختم ہونے والی ہے، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ روی شاستری نے بی سی سی آئی کے حکام کو پہلے ہی آگاہ کر دیا ہے کہ وہ معاہدے کی میعاد ختم ہونے کے بعد عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شاستری کے معاونین کے معاہدے کی تجدید بھی نہیں کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ ہیڈ کوچ روی شاستری، بولنگ کوچ بھرت ارون اور فیلڈنگ کوچ آر سریدھر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سپورٹ اسٹاف کا حصہ نہیں ہوں گے۔ تاہم بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور اس عہدے پر برقرار رہ سکتے ہیں، کیونکہ انہوں نے اگست 2019 میں ذمہ داری سنبھالی تھی۔

بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری پر پہلے ہی بات چیت شروع کر دی ہے۔ بورڈ ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کرے گا۔ انتخاب اور انٹرویو درخواست کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ سابق ہندوستانی کرکٹر راہل دراوڑ ہندوستانی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ سابق ہندوستانی اوپنر وریندر سہواگ بھی اس عہدے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے ہیڈ کوچ اور سپورٹ اسٹاف ٹیم انڈیا کے دورہ جنوبی افریقہ کے انچارج ہوں گے جو کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد 16 دسمبر سے شروع ہوگا۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد نیا کوچ گھر میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نظر نہیں آئے گا۔ بورڈ کے ایک ذرائع کے مطابق اگر ضرورت پڑی تو ٹیم انڈیا شاستری کے معاہدے میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر سکتی ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کھیل سکتی ہے۔

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

Leave a Reply

متعلقہ خبریں

Back to top button
Close
Close