رونالڈو کی ایک سال کمائی کے آگے مہنگے ترین کرکٹر کی عمر بھر کی کمائی صفر

نئی دہلی، 4جنوری (ہندوستان اردو ٹائمز ) فٹ بال کے مشہور ترین کھلاڑی لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر اپنی کمائی کی وجہ سے سرخیوں میں آگئے ہیں۔ رونالڈو نے یورپ کے فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصرکو جوائن کیا ہے۔ رونالڈو اور النصرکے درمیان ہونے والے معاہدے کو کھیلوں کی دنیا کی سب سے مہنگی ڈیل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
وہیں ایک بار پھر یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ کرکٹ کمائی کے معاملہ میں فٹ بال جیسے کھیل کے سامنے صفر ہے ۔ رونالڈو کو سعودی عرب کے کلب النصر کی جانب سے کھیلنے کے لیے ہر سال 1800 کروڑ روپے ملیں گے۔ لیکن دنیا کی امیر ترین کرکٹ لیگ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی کو اتنے پیسے کمانے کے لیے تقریباً 150 سال تک کرکٹ کھیلنی پڑے گی۔ اس اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ چاہے کتنی ہی مقبول ہو جائے،لیکن اسے فٹ بال کے برابر کھڑا ہونے کے لیے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔وہیں روہت شرما، ایم ایس دھونی، وراٹ کوہلی اور رویندر جڈیجہ ایسے کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے کھیل رہے ہیں۔ روہت شرما کمائی میں سب سے آگے ہیں۔ روہت شرما نے آئی پی ایل کے 15 سیزن کھیل کر 178 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ اگر اس کی اوسط نکالی جائے تو روہت شرما آئی پی ایل کھیلنے سے ہر سال تقریباً 12 کروڑ روپے کماتے ہیں، اس لیے روہت شرما کو 1800 کروڑ روپے کمانے کے لیے 150 سال تک آئی پی ایل کھیلنا پڑے گا۔
باقی کھلاڑیوں کی بات کریں تو دھونی نے آئی پی ایل کے 15 سیزن کھیل کر 176 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ وہیں کوہلی نے آئی پی ایل کے 15 سیزن کھیل کر 173 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ رویندر جڈیجہ نے آئی پی ایل سے 109 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ صرف سات کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے آئی پی ایل سے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔اس سے ایک بات تو واضح ہوتی ہے کہ کوئی بھی کرکٹر اپنے پورے کیریئرمیں اتنا نہیں کما سکتا جتنا رونالڈو اور میسی جیسے کھلاڑی ایک سال میں کسی کلب سے معاہدہ کرکے کماتے ہیں۔ خیال رہے کہ لیجنڈ رونالڈو النصرکے ساتھ معاہدے کے فوراً بعد اپنے پہلے ہی میچ میں گول کرکے شائقین کا دل جیت لیا ہے۔