رمضان المبارک کی شکل میں دنیا کی رہنمائی کا کیمپ لگنے والا ہے
رمضان انسان کے اخلاق کودرست کرتاہے جھوٹ فریب دھوکہ دہی نیزغیبت شکوہ شکایت سے نفرت دلاتا ہے۔مفتی ارشد فاروقی

دیوبند، 31؍ مارچ (رضوان سلمانی) مفتی محمد ارشد فاروقی بہاروں کا موسم،عالمی عبادت کا موسم،انسانی تربیت کا موسم ساری دنیا کو سنوارنے کا موسم ہدایت و رہنمائی کا موسم دلوں کو سنوارنے کا موسم آرہاہے۔ رمضان کا مہینہ رحمت کا مہینہ آرہاہے ایک ریفریشر کورس کا آغاز ہونے والا ہے دنیا کی رہنمائی کا کیمپ لگنے والا ہے ۔برکت والے مہینے کے تازہ جھونکے اور عطربیز ہوائیں چلنے لگی ہیں بڑے عظیم مہمان رمضان کی آمد آمد ہے ،خوشیوں کے شادیانے بج رہے ہیں آسمانوں میں ہلچل ہے زمین کھل رہی ہے شیطانوں میں گھبراہٹ ہے شریروں میں خوف ہے انسانیت کا صیقل رمضان آرہاہے۔
رمضان کے معنی میں مٹانا صاف کرنا شامل ہے جو حقیقت بن جاتا ہے ایک مہینے کے روزے انسانی جسم کے فاسد مادے کا خاتمہ کرتے ہیں انسان کی صحت اچھی ہوجاتی ہے اور روح کی بالیدگی بڑھتی ہے جسم وروح کی پاکیزگی انسان کو رحمن کا کلام سننے سمجھنے غور کرنے عمل کرنے اور عام کرنے کے لائق بناتی ہے رمضان کے دنوں کی عبادت روزے اور راتوں کی عبادت تراویح ہے رمضان انسان کے اخلاق کودرست کرتاہے جھوٹ فریب دھوکہ دہی سے دور کرتاہے غیبت شکوہ شکایت سے نفرت دلاتا ہے بھوکوں کو کھلانے غریبوں کی مدد کی ترغیب دیتا ہے ،بے سہارا کا سہارا بناتاہے رمضان کے دن روشن رات پررونق گھڑی گھڑی آبدار انسانیت کے لئے فرصت نامدار امن وامان کا علمبردار رمضان آیا رمضان آیا روزہ دار بنائے گا شب بیدار بنائے گا رب کا فرماں دار بنائے گا،قرآن کا عامل بنائے گا انسان کو انسان کا غمگسار بنائے گا دنیا میں بہار آئی بہار آئی رمضان کی سوغات آئی۔